جیل جانے کی خواہش میں چوری۔ لڑکی کو پیچھا کرکے پکڑ لیا گیا

جئے پور: ایک عجیب و غریب چوری کی کوشش میں ایک نوجوان لڑکی گاہک بن کر جیولری شاپ میں داخل ہوئی اور تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کی سونے کی انگوٹھیوں کا ڈبہ لے کر فرار ہوگئی۔
تاہم دکان کے مالک نے تقریباً 500 میٹر تک اس کا پیچھا کرکے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔یہ واقعہ جئے پور کے لکشمی نگر علاقے میں پیش آیا جہاں تریلوک چند پرجاپت کی بھوانی جیولرز نامی دکان ہے۔ لڑکی انگوٹھی خریدنے کے بہانے دکان میں آئی اور مختلف انگوٹھیاں دیکھنے لگی۔
دکاندار نے اسے 25 سونے کی انگوٹھیوں کا ایک ڈبہ دکھایا۔لڑکی نے دو انگوٹھیاں پسند کیں اور قیمت معلوم کرنے کے بعد کہا کہ آن لائن ادائیگی کے لیے وہ اپنے والد کو فون کرے گی۔ اسی دوران دکاندار کی توجہ دوسرے گاہک کی طرف ہوئی تو لڑکی نے موقع کا فائدہ اٹھایا اور 20 لاکھ روپے مالیت کی انگوٹھیوں کا ڈبہ اٹھا کر دکان سے باہر بھاگ گئی۔
دکاندار اور اس کے ملازم نے فوری طور پر اس کا پیچھا کیا اور تقریباً 500 میٹر دور اسے پکڑ لیا۔ بعد میں لڑکی کو جوتھواڑہ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔پکڑے جانے کے بعد لڑکی نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ جیل جانا چاہتی تھی اسی لیے اس نے یہ چوری کی۔
اس کے ہینڈ بیگ کی تلاشی لینے پر پولیس کو مرچ پاؤڈر اور اسپرے کی بوتل بھی ملی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔



