حیدرآباد :فوجی اسلحہ چوری معاملے میں سنسنی خیز انکشاف

حیدرآباد: سکندرآباد کے بولارم میں واقع مَدراس رجمنٹ کے فوجی اسلحہ چوری معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس نے ملک بھر میں سنسنی پیدا کردی تھی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس نے چوری کیے گئے اسلحہ، کارتوس، گولیاں اور دوربین برآمد کرلی ہے۔ اس معاملے میں ایک ریٹائرڈ فوجی افسر سمیت مزید دو افراد کو پولیس نے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کرنے کی اطلاع ہے۔
اسلحہ چوری کے معاملے کی بولارم اور ملکاجگیری پولیس کے علاوہ این آئی اے اور آرمی انٹلیجنس کے عہدیدار گزشتہ چند دنوں سے تحقیقات کررہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ چوری کیے گئے اسلحہ کو ٹاسک فورس پولیس نے کل رات محبوب نگر میں مقیم ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کی رہائش گاہ سے برآمد کیا ہے۔مَدراس رجمنٹ میں اسلحہ محفوظ رکھنے والے علاقے (کوٹے) میں بیل آف آرمس کے انچارج اور گولیاں فراہم کرنے والے ایمونیشن سیکشن کے انچارج تعینات ہوتے ہیں۔
شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان دونوں کی مدد سے ریٹائرڈ فوجی افسر نے موقع ملنے پر اسلحہ چوری کیا۔ تاہم پولیس نے اب تک اس سلسلے میں کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔اطلاع کے مطابق ملکاجگیری
کمشنر پولیس فوجی عہدیداروں کے ساتھ مل کر آج شام یا کل میڈیا کے سامنے اس معاملے کی تفصیلات پیش کرسکتے ہیں۔



