تلنگانہ میں ٹی جی سیف کے ہوٹلوں پر دھاوے۔کھانے میں کیڑے اور خراب گوشت کی نشاندہی، تین ہوٹلس کے لائسنس منسوخ بعض کو نوٹس

حیدرآباد: تلنگانہ میں ٹی جی سیف کے حکام کی جانب سے مختلف ہوٹلس مٹھائی کی دکانوں ہاسٹلس ریسٹورنٹس بیکریوں اور دھابوں پر دھاوے کئے گئے۔ کور اربن ریجن سے باہر مختلف اضلاع میں موجود 46 مراکز کا حکام نے اچانک معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران کئی مقامات پر ملاوٹ خراب گوشت اور سڑی ہوئی ترکاریاں برآمد ہوئیں۔ بعض مقامات پر کھانے کی اشیا کے آس پاس جھینگر، مکھیاں اور چوہے گھومتے ہوئے بھی نظر آئے۔کئی مراکز میں ریفریجریٹرس کی صفائی ناقص پائی گئی بعض جگہوں پر سبزی اور گوشت سے بنی اشیا کو ایک ہی جگہ ایک دوسرے کے ساتھ رکھا گیا تھا۔
حکام نے ایسی غذائی اشیا بھی برآمد کیں جن پر مناسب لیبل موجود نہیں تھے جبکہ کچھ اشیا میعاد ختم ہونے کے باوجود استعمال کے لیے رکھی گئی تھیں اور بعض میں کیڑے پڑے ہوئے تھے۔ معائنے کے دوران 22 مشتبہ فوڈ سیمپلس حاصل کیے گئے۔سڑی ہوئی سبزیوں اور کیڑے لگی کھانے کی اشیا کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 23 اداروں کو امپروومنٹ نوٹس جاری کیے گئے۔
عوامی صحت کے تحفظ کے پیشِ نظر 3 اداروں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس معطل کر دیے گئے اور انہیں فوری طور پر کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کے احکامات دیے گئے۔حکام نے اسٹیشن گھن پور ،کریم نگر ، یادادری بھونگیر میں یہ کاروائی انجام دی۔حکام نے خبردار کیا کہ فوڈ سیفٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے اسٹیشن گھن پور میں واقع مہندرا ملس، بریانی اینڈ کری پوائنٹ، کریم نگر کے باوپیٹ میں واقع سری بالاجی میجک مٹھائی شاپ اور یادادری بھونگیر ضلع کے چوٹ اپل میں NH-65 پر واقع چاچا فیملی دھابہ کا معائنہ کیا۔
حکام نے خبردار کیا کہ فوڈ سیفٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔




