جرائم و حادثات

نظام ساگر میں ڈوبتے نوجوان کی جان بچالی، حیدرآباد کے نوجوانوں سید شاہد اور دوسروں نے دکھائی بہادری

نظام ساگر میں ڈوبتے نوجوان کی جان بچالی، حیدرآباد کے نوجوانوں نے دکھائی بہادری

 

حیدراباد : تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے نظام ساگر پراجیکٹ میں نہاتے ہوئے ڈوبنے والے بانسواڑہ کے ایک نوجوان کی حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پانچ نوجوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جان بچالی۔ یہ واقعہ اتوار کی شام پیش آیا، جو تاخیر سے منظر عام پر آیا۔

 

اطلاعات کے بانسواڑہ کے کوٹ گلی علاقے سے تعلق رکھنے والا 18 سالہ نوجوان مذکر اپنے دوستوں امن اور ناگراجن کے ساتھ نظام ساگر پروجیکٹ دیکھنے پہنچا تھا۔ شدید گرمی کے باعث تینوں دوست نہانے کے لیے پانی میں اتر گئے۔ اسی دوران مذکر اچانک گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ مذکر کو ڈوبتا دیکھ کر اس کے ساتھ موجود تین دوست گھبرا گئے اور پانی سے باہر نکل کر مدد کے لیے چیخ و پکار کرنے لگے۔

 

اسی دوران وہاں موجود حیدرآباد کے سید شاہد سمیت پانچ نوجوانوں نے چیخ و پکار سن کر فوری طور پر جائے وقوعہ کا رخ کیا۔ متاثرہ نوجوان کے دوستوں نے بتایا کہ ان کا ساتھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سید شاہد اور ایک ساتھی نے بغیر کسی تاخیر کے پانی میں چھلانگ لگا دی اور نوجوان کی تلاش شروع کردی۔

 

کچھ دیر کی تلاش کے بعد دونوں نے ڈوبے ہوئے نوجوان کو تلاش کرلیا۔ اس وقت اس کی حالت انتہائی نازک تھی اور وہ تقریباً بے ہوش ہوچکا تھا۔ نوجوانوں نے اسے فوری طور پر پانی سے باہر نکالا اور تقریباً 10 منٹ تک سی پی آر سمیت دیگر امدادی کوششیں کیں۔ ان کی بروقت کوششوں سے نوجوان کی سانس بحال ہوئی اور اس کی جان بچ گئی۔

 

واقعہ کے بعد مقامی افراد نے حیدرآباد کے نوجوانوں کی بہادری اور فوری کارروائی کی ستائش کی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر نوجوانوں نے بروقت مدد نہ کی ہوتی تو بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button