اویو ہوٹل میں بلاکر لڑکیوں نے کپڑے اتار کر نوجوان کی پٹائی کردی

کانپور: اترپردیش میں ایک نوجوان کو اویو ہوٹل بلاکر مبینہ طور پر کپڑے اتارنے کے بعد شدید زدوکوب کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ کانپور کے پھل کھانا علاقے میں مال روڈ چوراہے کے قریب واقع اویو گرینڈ ہوٹل میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق دو لڑکیوں نے اپنے دوست روشن کے ساتھ مل کر راہل گپتا نامی نوجوان کو اویو گرینڈ ہوٹل بلایا تھا۔ نوجوان کے کمرے میں پہنچنے کے بعد اس پر حملہ کیا گیا اور اس کے ہاتھ باندھ دیے گئے۔ اس کے بعد اس کے کپڑے اتار کر مبینہ طور پر بے رحمی سے مارپیٹ کی گئی۔
لڑکیاں جب نوجوان کو پیٹ رہی تھیں تو ان کا دوست روشن اس پورے واقعے کی ویڈیو بنارہا تھا۔مارپیٹ کے دوران نوجوان چیخنے لگا اور موقع سے خود کو بچاتے ہوئے ہال کی جانب بھاگ گیا۔ ہوٹل کے عملے نے اسے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی نوجوان کو بچایا اور دونوں لڑکیوں سمیت ان کے دوست روشن کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔پولیس نے واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
لڑکیوں کا کہنا ہے کہ نوجوان نے ان کا موبائل فون چوری کیا تھا اسی وجہ سے اسے ہوٹل بلایا اور اس کے ساتھ مارپیٹ کی گئی۔ تاہم نوجوان کا کہنا ہے کہ اس نے موبائل فون چوری نہیں کیا۔ پولیس کی تحقیقات مکمل ہونے
کے بعد ہی واقعے کی اصل حقیقت سامنے آنے کی بات کہی جارہی ہے۔



