حیدرآباد کے حفیظ پیٹ ریلوے اسٹیشن پر خاتون سے بدسلوکی، بال پکڑ کر گھسیٹنے کی ویڈیو وائرل؛ ہوم گارڈ نکلا ملزم

حیدرآباد – حیدرآباد کے حفیظ پیٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خاتون کو مبینہ طور پر مارنے اور بال پکڑ کر گھسیٹنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ واقعہ جمعہ کی شب پیش آنے کا بتایا جارہا ہے
۔ ویڈیو میں ایک شخص خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے اسے مارتا اور بال پکڑ کر گھسیٹتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔
ابتدائی طور پر ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کو ریلوے پولیس کانسٹیبل بتایا گیا تھا، تاہم ساوتھ سنٹرل ریلوے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص تلنگانہ پولیس محکمہ سے تعلق رکھنے والا ہوم گارڈ ہے۔
ساوتھ سنٹرل ریلوے کے مطابق مذکورہ ہوم گارڈ کو حفیظ پیٹ ریلوے اسٹیشن پر ڈیوٹی انجام دینے کے لیے تلنگانہ پولیس سے ڈیپوٹیشن پر بھیجا گیا تھا۔ واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اسے واپس تلنگانہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے
۔ ریلوے نے واضح کیا کہ ہوم گارڈ کے خلاف ضروری محکمہ جاتی اور تادیبی کارروائی کے لیے معاملہ تلنگانہ پولیس کے سپرد کردیا گیا ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے اس سلسلے میں ’ایکس‘ پر وضاحت جاری کی ہے۔



