شمس آباد کے قریب بھیانک سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک

حیدرآباد: شہر کے مضافاتی علاقے شمس آباد کے قریب ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا۔ پالماکول کے قریب تیز رفتار انووا کار بے قابو ہوکر کلورٹ سے ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔
اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔مہلوکین کی شناخت پیشہ تاجر کیتاوت لِمبیا (54)، کیتاوت جمنا (45)، مان سنگھ (48) اور کیتاوت واسرم (45) کی حیثیت سے ہوئی ہے۔
یہ تمام افراد اپنے آبائی گاؤں محبوب نگر ضلع کے نواب پیٹ منڈل کے میٹو گوڑہ تانڈہ سے حیدرآباد کی طرف آرہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں کار ڈرائیور اشوک شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ زخمی شخص کو علاج کے لیے ایک خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا
جبکہ مہلوکین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا۔ابتدائی طور پر پولیس کو شبہ ہے کہ تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ حادثے کی وجہ بنی۔
شمس آباد پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



