تلنگانہ کے سدی پیٹ میں زنخہ کی خودکشی

سدی پیٹ: ریاست تلنگانہ سدی پیٹ کی اندراماں کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سنندا نامی ایک ٹرانس جینڈر نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔
اس واقعہ پر ٹرانس جینڈرز کی صدر سنیتا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سدی پیٹ کے ٹی ایچ آر نگر سے تعلق رکھنے والے اجئے نامی شخص نے تقریباً تین سال قبل سنندا سے محبت کی اور اس سے شادی کرکے اس کے ساتھ رہ رہا تھا۔
تاہم اجئے کے کسی دوسری لڑکی سے بھی تعلقات قائم ہونے کے الزامات سامنے آنے کے بعد دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہونے لگے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے اجئے سنندا سے دور رہ رہا تھا۔
سنیتا کے مطابق اسی وجہ سے سنندا شدید ذہنی پریشانی کا شکار تھی اور اس نے اپنے گھر میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔
واقعہ کے سلسلے میں سدی پیٹ ون ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سدی پیٹ سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔



