تلنگانہ

دانم ناگیندر کو سپریم کورٹ کا بڑا جھٹکا – خیریت آباد میں ضمنی انتخاب کی راہ ہموار

حیدراباد –  تلنگانہ کی سیاست میں زبردست سنسنی پیدا کرنے والے پارٹی بدلنے کے معاملے میں رکن اسمبلی دانم ناگیندر کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ خیریت آباد اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد کانگریس میں شامل ہوکر لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے والے دانم ناگیندر کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے عائد نااہلی کو سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے دانم ناگیندر کی جانب سے دائر درخواستیں خارج کردی ہیں۔

 

بی آر ایس کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد کانگریس کی جانب سے سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کرنے والے دانم ناگیندر کو نااہل قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے حال ہی میں اہم فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے کہا  تھا کہ دانم ناگیندر 23 اپریل 2024 سے ہی نااہل تصور ہوں گے۔ ہائی کورٹ نے اسمبلی اسپیکر گڈم پرساد کمار کی جانب سے انہیں دی گئی کلین چٹ بھی مسترد کردی تھی۔

 

ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے دانم ناگیندر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ معاملے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کی کوئی وجہ نہیں ہے اور درخواست کو خارج کردیا۔

 

خیریت آباد اسمبلی نشست اب باضابطہ طور پر خالی ہوگئی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اس حلقے میں جلد ہی ضمنی انتخاب ہونا تقریباً یقینی ہوگیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پارٹی تبدیل کرنے والے دیگر ارکان اسمبلی کے خلاف بھی نااہلی کی کارروائی کا امکان بڑھ گیا ہے، جس سے تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں زبردست تجسس اور بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔

Shadi
Shadi

متعلقہ خبریں

Back to top button