کنگ خان کی دولت میں 2,490 کروڑ روپے کی کمی – پھر بھی شاہ رخ خان بھارت کے امیر ترین اداکار

ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی مجموعی دولت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ’ہُرون انڈیا رچ لسٹ 2026‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال شاہ رخ خان کے اثاثوں کی مالیت 12,490 کروڑ روپے تھی، جو اس سال 2,490 کروڑ روپے کم ہوکر تقریباً 10,000 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس تخمینہ میں شاہ رخ خان سے وابستہ مختلف کاروباروں، خصوصاً ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز اسپورٹس سمیت دیگر کاروباری شراکت داریوں اور حصص کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دولت میں کمی کے باوجود شاہ رخ خان بھارت کے سب سے زیادہ دولت مند اداکار کے طور پر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ فہرست میں امیتابھ بچن 4,000 کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے، سلمان خان 3,000 کروڑ روپے کے ساتھ تیسرے اور ہریتھک روشن 2,500 کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ اگلے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب شاہ رخ خان اس وقت فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ اسپائی ایکشن تھرلر فلم دسمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بھی اداکاری کر رہی ہیں۔ تقریباً 450 کروڑ روپے کے بھاری بجٹ سے بنائی جارہی اس فلم کو لے کر شائقین میں خاصی دلچسپی پائی جاتی ہے۔



