ہیلت

عالمی یومِ قلب کے موقع پر چارمینار پرشعور بیداری پروگرام کاانعقاد، صحت مند طرز زندگی پر زور

عالمی یومِ قلب کے موقع پر چارمینار پرشعور بیداری پروگرام کاانعقاد، صحت مند طرز زندگی پر زور

 نوجوانوں کو جنک فوڈ و رات دیر گئے کھانے سے گریز کا مشورہ،سیاسی وسماجی شخصیات کی شرکت

 

حیدرآباد (راست)آج کل نوجوانوں میں جنک فوڈ کا استعمال بڑھ رہا ہے، جبکہ گھر کے بنے ہوئے صحت بخش کھانوں پر کم توجہ دی جا رہی ہے۔ غیر صحت بخش غذاؤں اور طرزِ زندگی کے باعث مختلف طبی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، جن میں امراضِ قلب بھی شامل ہیں۔ نوجوان جنک فوڈ کے استعمال میں کمی لائیں، متوازن غذا اختیار کریں اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔

 

ا ن خیالات کااظہار رکن اسمبلی چارمینار میر ذوالفقار علی نے عالمی یومِ قلب کے موقع پر کیئر ہاسپٹلس، نامپلی کی جانب سے مہر آرگنائزیشن کے اشتراک سے تاریخی چارمینار کے دامن میں منعقدہ شعور بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس اہم موضوع پر عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے کیئر ہاسپٹلس کی جانب سے منعقدہ پروگرام کی ستائش کی۔کیئر ہاسپٹلس، نامپلی کے سینئر کنسلٹنٹ و انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر امان سلوَن نے کہا کہ رات دیر سے کھانا کھانے، نیند کے اوقات میں بے قاعدگی اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی سے صحت متاثر ہوسکتی ہے

 

۔ انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں کو صحت مند عادات اپنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلند فشارِ خون، ذیابیطس اور کولیسٹرول کی زیادتی جیسی کیفیات بعض اوقات واضح علامات کے بغیر بھی موجود رہ سکتی ہیں، اس لیے بروقت طبی معائنہ ضروری ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ افراد اپنے بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی سطح پر نظر رکھیں اور ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق طبی معائنہ کروائیں۔ متوازن غذا، روزانہ چہل قدمی اور تمباکو نوشی سے پرہیز امراضِ قلب کے خطرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

 

سابق کارپوریٹر سید سہیل قادری نے کیئر ہاسپٹلس کے انتظامیہ سے خواہش کی کہ چارمینار کے اطراف میں کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجروں اور غریب عوام کی سہولت کے لیے ہر تین ماہ میں کم از کم ایک مرتبہ میگا ہیلتھ کیمپ منعقد کیا جائے تاکہ ضرورت مند افراد کو طبی سہولتیں حاصل ہوسکیں۔مسٹر ورلڈ اور باڈی بلڈنگ چیمپئن میر محتشم علی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ کم از کم آدھا گھنٹہ ورزش اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے مختص کریں۔ انہوں نے کہا کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور نشہ آور اشیا سے دوری صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے۔کیئر ہاسپٹلس کی جانب سے عوامی و سماجی خدمات اور صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر محمد حسام الدین صدیقی، علیم بیگ، محمد عثمان، محمد معید اور محمد محسن کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی

 

۔ اس موقع پر کیئر ہاسپٹلس کے ایچ سی او او ڈاکٹر ششی کانت، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آشیش ماتھر، سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر رتیش، مہر آرگنائزیشن کے صدر محمد حسام الدین صدیقی، تھیلیسیمیا سوسائٹی کے جوائنٹ سکریٹری علیم بیگ، او ایس ایم کالج کے ڈائر کٹرس محمد عثمان، محمد معید، محمد محسن، ہاسپٹل کے ڈاکٹرس و عملہ کے علاوہ مختلف کالجوں کے طلبہ، ڈاکٹرس، سماجی کارکنوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ آخر میں کیئر ہاسپٹلس کے منیجر محمد اشفاق نے تمام شرکاء اور منتظمین سے اظہارِ تشکر کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button