ایجوکیشن

کڈپہ میں اُردو میڈیم اساتذہ کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

کڈپہ، 6 اکتوبر 2026ء: مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اُردو ذریعۂ تعلیم (CPDUMT)، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد نے شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز، بیدر کے اشتراک سے شاہین جونیئر کالج، کڈپہ میں اساتذہ کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ کا مقصد اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں، مصنوعی ذہانت (AI) کے مؤثر استعمال اور تعلیمی انتظام و تشخیص کے جدید تصورات سے روشناس کرانا تھا۔

 

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عبد السمیع صدیقی، ڈائریکٹر CPDUMT، MANUU نے طلبہ کی تعلیمی دلچسپی اور شمولیت (Student Engagement) کو بہتر بنانے میں AI Tools کے استعمال پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے مختلف مصنوعی ذہانت کے ٹولز کے عملی استعمال کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال تدریس کو مزید دلچسپ، بامعنی اور طلبہ مرکوز بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

 

پروفیسر سید امان عبید نے تشخیص (Assessment) میں اختراعی طریقوں پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے روایتی امتحانی طریقوں کے ساتھ ساتھ جدید اور مؤثر تشخیصی تکنیکوں کی ضرورت پر زور دیا، جن کے ذریعے طلبہ کی حقیقی تعلیمی پیش رفت اور صلاحیتوں کا بہتر انداز میں جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اسکولوں میں ای-گورننس (e-Governance) کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی اور تعلیمی انتظام کو مؤثر، شفاف اور منظم بنانے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت واضح کی۔

 

ورکشاپ میں اساتذہ نے بھرپور دلچسپی کے ساتھ شرکت کی اور جدید تدریسی طریقوں، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل تعلیمی نظام سے متعلق عملی معلومات حاصل کیں۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے CPDUMT، MANUU اور شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے اس مشترکہ اقدام کو اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مفید اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

 

کڈپہ میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے پالیٹیکنک کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد عبد المقسط نے اپنے خطاب میں مانو کیمپس کڈپہ کا تعارف کروایا اور اساتذہ کو مفید مشوروں سے نوازا۔ ان کے ہمراہ مانو پالیٹیکنک کڈپہ کے اساتذہ جناب عمر فاروقی اور جناب محمد خواجہ معین الدین بھی شریک رہے۔

 

اس ورکشاپ میں تقریباً چالیس اساتذہ نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں شریک اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے چند اساتذہ نے تاثرات بھی پیش کیے۔ پھر تمام شرکت کرنے والے اساتذہ کو اسناد پیش کی گئیں۔ شاہین کیمپس کڈپہ کی جانب سے جناب جیلان کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام ہوا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button