جگتیال کے ڈاکٹر وی آر کے کالج آف فارمیسی میں نیشنل فارمیسی ویک اور عالمی یوم فارماسسٹ کی تقریبات، طلبہ کی اے ایم آر بیداری ریلی

جگتیال کے ڈاکٹر وی آر کے کالج آف فارمیسی میں نیشنل فارمیسی ویک اور عالمی یوم فارماسسٹ کی تقریبات، طلبہ کی اے ایم آر بیداری ریلی

جگتیال، 20 نومبر (پریس نوٹ): ڈاکٹر وی آر کے کالج آف فارمیسی، جگتیال میں نیشنل فارمیسی ویک اور عالمی یوم فارماسسٹ کے موقع پر مختلف تقریبات کا شاندار انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ڈاکٹر وی آر کے ایجوکیشنل سوسائٹی حیدرآباد کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شاہ عالم رسول خان کی ہدایات اور ڈاکٹر وی آر کے گروپ آف فارمیسی کالجس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ڈنڈو رام کرشنا کی تجاویز پر کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ایچ پرمیشور کی صدارت میں اور انتظامی عہدیدار ڈاکٹر میر کاظم علی کی نگرانی میں یہ پروگرام منعقد کئے گئے۔
اس موقع پر کالج کے طلبہ و طالبات اور تدریسی و غیر تدریسی عملے نے جگتیال نیو بس اسٹینڈ سرکل سے نرسنگ کالج تک انسداد جراثیمی مزاحمت (اے ایم آر) سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے ریلی نکالی۔ جگتیال کی سب انسپکٹر پولیس سپریا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے پرچم لہرا کر ریلی کا آغاز کیا
۔ بعد ازاں کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر ایچ پرمیشور نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے والدین اور تعلیمی ادارے کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کریں۔ انہوں نے فارمیسی تعلیم کی اہمیت اور اس شعبے میں مستقبل کے روزگار کے وسیع مواقع پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر پوسٹر پریزنٹیشن اور کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو پرنسپل ڈاکٹر ایچ پرمیشور اور انتظامی عہدیدار ڈاکٹر میر کاظم علی کے ہاتھوں تعریفی اسناد اور یادگاری تحائف پیش کئے گئے۔ تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور کالج کے عملے کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ پروگرام میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کے علاوہ طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



