سمگرا شکشا کی سبجیکٹ پینل ٹیم کا اسکول کا معائنہ

حیدرآباد، 21 نومبر/ سمگرا شکشا، حیدرآباد کی جانب سے نوڈل آفیسر جناب ساجد محی الدین صاحب، محترمہ اے ششی ریکھا صاحبہ (SGT، جی ایم پی ایس عالیہ اسکول) اور محترمہ بشیرہ بیگم صاحبہ (SRG، ایس جی ٹی، بہادرپورہ) پر مشتمل سبجیکٹ پینل ٹیم نے گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول، پنی پورہ، آصف نگر منڈل کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اسکول پہنچنے پر جناب محمد عبدالعلیم اور جناب محمد شفیع اللہ صاحب نے ٹیم کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ٹیم نے پری پرائمری سے ہفتم جماعت تک تمام کلاسوں کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں، پڑھنے، لکھنے اور سمجھنے کی مہارتوں کا جائزہ لیا۔ اساتذہ کے لیسن پلان، پیریڈ پلان، ٹیچنگ ڈائری، تدریسی معاون مواد (TLM)، FLN ریکارڈ، امتحانی پرچوں اور ایکشن پلان کا بھی باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔
نوڈل آفیسر جناب ساجد محی الدین صاحب نے محترمہ نازنین رفعت صاحبہ (SGT) کی کلاس کا جائزہ لیا، جبکہ محترمہ اے ششی ریکھا صاحبہ نے محترمہ اسرا فاطمہ صاحبہ (SGT) اور محترمہ بشیرہ بیگم صاحبہ SRG نے محترمہ رخسانہ بیگم صاحبہ (SGT) کی کلاسوں کا معائنہ کیا۔
اس کے علاوہ اسکول میں طلبہ کی تعداد، داخلوں، حاضری، یونیفارم و درسی کتابوں کی فراہمی، بریک فاسٹ، مڈ ڈے میل، اسکول کی صفائی، نظم و ضبط اور تمام انتظامی ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
جناب محمد شفیع اللہ صاحب اور جناب محمد عبدالعلیم صاحب نے ٹیم کو اسکول کی تعلیمی و انتظامی سرگرمیوں اور مجموعی کارکردگی سے واقف کروایا۔ معائنہ کے دوران تمام ضروری تفصیلات متعلقہ ایپ میں درج کی گئیں، تاکہ اعلیٰ حکام کو رپورٹ پیش کی جا سکے۔
۔ سمگرا شکشا کی سبجیکٹ پینل ٹیم کا یہ معائنہ خوش اسلوبی اور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس دورے کا مقصد اسکول میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانا، طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور تدریسی و انتظامی نظام کو مضبوط بنانا۔



