نئی نسل میں فکرِ آزاد بیدار کرنے کی کاوش: تلنگانہ کے 100 اسکولوں میں کوئز مقابلے، 200 سے زائد ہونہار طلباء میں میڈلز کی تقسیم

حیدرآباد۔ 20 نومبر ۔ پریس ریلیز:ایسوسی ایشن آف مائنارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (AMEI) کی اپیل پر ریاست تلنگانہ کے 100 سے زائد اسکولوں میں ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی حیات و خدمات پر مبنی کوئز مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں ہر اسکول سے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے دو طلباء (مجموعی طور پر 200 سے زائد طلباء) کو ایک پروقار تقریب کے دوران میڈلز اور انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر جناب انور احمد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ "قوموں کا مستقبل محض دولت اور عیش و آرام سے نہیں بلکہ صرف اور صرف تعلیم سے بدلتا ہے؛ مولانا آزاد نے آئی آئی ٹیز اور ایمس جیسے اداروں کا خواب نئی نسل کے لیے دیکھا تھا، اس لیے ہمارا مقصد طلباء میں وہ چنگاری بیدار کرنا ہے کہ وہ ملک کے اعلیٰ ترین تعلیمی اداروں اور سول سروسز میں اپنا حق حاصل کریں۔”
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ساجد صاحب نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد نئی نسل کو نصابی کتب کے دائرے سے نکال کر وسیع تر مطالعہ کی طرف راغب کرنا اور ان میں جستجو پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسوسی ایشن کی مسلسل نمائندگی کے نتیجے میں حکومتِ تلنگانہ نے یومِ تعلیم (11 نومبر) کو تعلیمی کیلنڈر کا باقاعدہ حصہ بنایا ہے۔ ڈاکٹر ساجد نے مولانا آزاد کے فلسفۂ حیات اور ان کی بے لوث قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء کو تلقین کی کہ وہ حق گوئی، بے باکی اور قومی یکجہتی کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو موبائل فون کے بجائے کتب بینی کا عادی بنائیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و ملت کی قیادت کر سکیں۔
اس موقع پر کیٹ اکیڈیمی (CAT Academy) کے ڈائریکٹر اور ایسوسی ایشن کے خازن ڈاکٹر محمد انور صاحب کی گراں قدر خدمات کو سراہا گیا جنہوں نے انتہائی کم وقت میں صرف دو دن کے اندر 300 سوالات پر مشتمل معیاری کوئز بُک لیٹ کی 5,000 کاپیاں تیار کر کے اس مقابلے کے کامیاب انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد انور صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں میں مقابلہ جاتی امتحانات کا شعور بیدار کرنے اور بجٹ اسکولوں کے طلباء کو عالمی معیار کے تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے یہ پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر احتشام احمد خان (ڈین و صدر شعبہ ابلاغِ عامہ و صحافت، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ "مولانا آزاد نے ‘الہلال’ اور ‘البلاغ’ کے ذریعے قلم کی طاقت سے آزادی کی جنگ لڑی؛ آج کے اس انفارمیشن ایج میں طلباء روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ صحافت، میڈیا، یو پی ایس سی اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے جدید میدانوں میں آگے بڑھ کر سماج کو آئینہ دکھائیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔”
اس تقریب میں اے ایم ای آئی کے نائب صدور جناب وقار احمد خالد، جناب ایم ایس فاروق، ایسوسی ایٹ پریذیڈنٹ جناب ظفراللہ فہیم، جناب خلیل الرحمٰن، جناب عامر حسین، جناب حبیب بھائی، جناب ہدایت صاحب، محترمہ نسرین میڈم, حنا میڈم، وسیم میڈم اور سینئر صحافی جناب ایم اے حکیم سمیت اسکولوں کے ذمہ داران، اساتذہ، والدین اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔




