مہاراشٹرا: جسم فروشی کے اڈہ پر دھاوا ٹی وی ادکارہ پکڑی گئی۔ خاتون آرگنائزر گرفتار

ممبئی: ریاست مہاراشٹر اکے شہر تھانے میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ فلم انڈسٹری میں کامیابی کے خواب لے کر ممبئی آنے والی نوجوان لڑکیوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے جسم فروشی اور انسانی اسمگلنگ کے ایک گروہ کا تھانے پولیس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔
پولیس نے اس گروہ کے چنگل میں پھنسی 35 سالہ ہندی ٹی وی سیریل اداکارہ کو بحفاظت بچا لیا۔این جی او کی جانب سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 اکتوبر 2026 کو میرا بھائندر روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں خفیہ گاہک بھیجا۔
وہاں پولیس نے تبسم عرف سونیا عمر قریشی نامی خاتون کو جسم فروشی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کے الزام میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والی ملزمہ ممبئی کے جوگیشوری علاقے میں رہتی تھی۔
الزام ہے کہ وہ ٹی وی سیریلز، ویب سیریز اور فوٹو شوٹس میں کام کرنے والی اداکاراؤں کو دھمکیاں دے کر اور زبردستی جسم فروشی کے دھندے میں دھکیلتی تھی۔پولیس نے اس گروہ کی شکار ہندی ٹی وی اداکارہ کو بازیاب کرا کے ممبئی میں واقع ریسکیو فاؤنڈیشن کے نگہداشت مرکز میں منتقل کر دیا ہے۔
مرکزی ملزمہ تبسم کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور غیر اخلاقی تجارت کی روک تھام کے قانون کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔پولیس اس معاملے میں ملزمہ کی مدد کرنے والے ایک دوسرے ملزم کی تلاش کر رہی ہے جو فی الحال فرار ہے۔
تھانے میں اس سال اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ سال فروری میں بھی ایک ویب سیریز کی اداکارہ کو ہوٹل کی آڑ میں جسم فروشی کا ریکٹ چلانے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔



