نیشنل

اسی ریسٹورنٹ میں ہماری محبت کا سفر شروع ہوا۔ سونیا گاندھی کی ’ایکس‘ پر پہلی پوسٹ

نئی دہلی: کانگریس کی سینئر قائد سونیا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنا اکاؤنٹ شروع کیا ہے۔ انہوں نے اپنی جلد ریلیز ہونے والی خودنوشت ’بی لانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کے بارے میں ویڈیو کی شکل میں پہلی پوسٹ شیئر کی۔

 

اس موقع پر انہوں نے اپنے شوہر اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ساتھ محبت کے سفر کی یادیں تازہ کیں۔سونیا گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’’کیمبرج کے ایک چھوٹے سے یونانی ریسٹورنٹ میں ہماری محبت کے سفر کا آغاز ہوا۔

 

راجیو اور میں نے مل کر محبت، ہنسی اور بے شمار یادوں سے اپنی ایک دنیا بسائی۔ 10 نومبر کو میں آپ کو اس دنیا سے روشناس کراؤں گی۔‘‘ویڈیو میں سونیا گاندھی نے راجیو گاندھی کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات اور محبت کی یادوں کا تذکرہ کیا۔

 

انہوں نے راجیو کو ایک خوبصورت اور نرم مزاج شخصیت قرار دیا۔ اس ویڈیو میں دونوں کی ایک ساتھ لی گئی تصاویر بھی دکھائی گئیں۔سونیا گاندھی نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ان دنوں انگلینڈ میں کھانے کا معیار زیادہ اچھا نہیں تھا اور آج کی طرح ریسٹورنٹس کی بھی بہتات نہیں تھی۔

 

وہ اطالوی کھانوں کی تلاش میں رہتی تھیں۔ بالآخر انہیں ایک یونانی ریسٹورنٹ ملا جہاں یورپی اور ہندوستانی طلبہ آیا کرتے تھے۔اسی ریسٹورنٹ میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ان کی راجیو گاندھی سے ملاقات ہوئی۔ سونیا نے بتایا ’’راجیو کو پہلی مرتبہ دیکھتے ہی مجھے محسوس ہوا کہ یہی میرے لیے مناسب شخص ہیں۔

 

بعد میں مجھے احساس ہوا کہ راجیو نے بھی میرے بارے میں یہی محسوس کیا تھا۔ اس طرح ہماری شناسائی دوستی میں اور پھر محبت میں بدل گئی۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ راجیو خوبصورت تو تھے ہی لیکن ان کی نرم مزاجی نے انہیں سب سے زیادہ متاثر کیا۔

 

اسی لیے وہ راجیو سے پہلی ملاقات کے لمحے کو کبھی فراموش نہیں کرسکتیں۔سونیا گاندھی کی خودنوشت ’بی لانگنگ: اے جرنی آف لو‘ 10 نومبر کو جاری ہونے والی ہے۔

 

اس سے قبل وہ انسٹاگرام پر بھی اپنا اکاؤنٹ شروع کرچکی ہیں اور اب انہوں نے ’ایکس‘ پر بھی قدم رکھا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button