جرائم و حادثات
حیدرآباد کے پرانے شہر سے معصوم لڑکی لاپتہ

حیدرآباد: پرانے شہر کے یاقوت پورہ کی بازار پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع امن نگر سے 13 سالہ ثمرین بیگم لاپتہ ہوگئی۔ لڑکی کی والدہ نے اپنی بیٹی کا پتہ لگانے میں مدد کی اپیل کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ثمرین بیگم 24 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے سے لاپتہ ہے۔ اس سلسلے میں والدہ کی شکایت پر پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے پر دوپہر تقریباً 3 بجے لڑکی کو ایک خاتون کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
والدہ امبرین بیگم نے ویڈیو پیغام کے ذریعہ عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کی بیٹی کا پتہ لگانے میں تعاون کریں۔ یہ معاملہ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے علم میں بھی لایا گیا ہے جنہوں نے لڑکی کی تلاش کے لیے اقدامات کرنے کا تیقن دیا ہے۔



