تلنگانہ میں ہفتے میں پانچ دن کام کا مطالبہ – سرکاری ملازمین کی جے اے سی نے چیف سکریٹری کو یادداشت پیش کی

حیدرآباد: تلنگانہ کے سرکاری ملازمین، اساتذہ، گزٹیڈ عہدیداروں، مزدوروں اور وظیفہ یابوں کی مشترکہ جے اے سی (TGEJAC) نے ریاستی سرکاری دفاتر میں بھی مرکزی حکومت کی طرز پر ہفتے میں پانچ روزہ کام کا نظام نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جے اے سی کے صدر مرم جگدیشور اور سکریٹری جنرل ایلاوری سرینواس راؤ نے چیف سکریٹری سنجے جاجو کو یادداشت پیش کی۔
جے اے سی نے موجودہ اوقات کار صبح 10:30 بجے تا شام 5 بجے کے بجائے صبح 10 بجے تا شام 5:30 بجے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ دوسرے ہفتہ کی تعطیل برقرار رکھتے ہوئے ہفتہ میں 37.5 گھنٹے کام کی تکمیل ممکن ہوگی۔
جے اے سی قائدین کے مطابق پانچ روزہ کام کے نظام سے ایل نینو کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر برقی، پانی اور ایندھن کی بچت کے ساتھ فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ دو روزہ ہفتہ وار تعطیل سے ملازمین کا ذہنی دباؤ کم ہوگا اور ان کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔
قائدین نے کہا کہ اس تجویز سے حکومت پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ انہوں نے چیف سکریٹری سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علم میں لاتے ہوئے پانچ روزہ کام کے نظام کے نفاذ کے لیے جلد احکامات جاری کئے جائیں۔




