جہیز میں تھار گاڑی نہ ملنے پر دولہے نے نکاح سے کیا انکار، ساری رات بارات کا انتظار کرتی رہی دلہن؛ والد نے دولہا اور اس کے والدین کے خلاف درج کروائی ایف آئی آر

لکھنو -31اکتوبر ( اردو لیکس ڈیسک) اترپردیش کے ضلع گونڈہ میں جہیز کے مطالبہ کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں گورکھپور سے آنے والی بارات تھار گاڑی نہ ملنے کے باعث دلہن کے گھر نہیں پہنچی۔ دلہن عروسی لباس میں سجی سنوری شادی ہال میں بارات کا انتظار کرتی رہی، لیکن دولہے کی جانب سے نکاح سے انکار کی اطلاع ملتے ہی اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ بے ہوش ہوگئی۔ اسے علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کرنا پڑا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گونڈہ کے کٹاریا محلہ کے رہنے والے ڈرائیور مرزا اجمل بیگ نے اپنی 23 سالہ بیٹی نوشبہ مرزا بیگ کا رشتہ تقریباً ایک سال قبل گورکھپور کے محمد اسلم کے بیٹے محمد سلمان سے طے کیا تھا۔ سلمان تین بھائیوں اور ایک بہن میں سب سے بڑا ہے اور بیرون ملک تعلیم حاصل کررہا ہے۔ دونوں خاندانوں کے درمیان شادی کی بات چیت کے بعد 26 اکتوبر 2026 کو نکاح کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
شادی کے لیے گونڈہ کے آئی ٹی آئی روڈ پر واقع راج فنکشن ہال بک کیا گیا تھا۔ دلہن کے افراد خاندان نے تمام تیاریاں مکمل کرلی تھیں اور رشتہ دار بھی بارات کے استقبال کے لئے موجود تھے۔ دلہن کی والدہ نازو خاتون کے مطابق ابتدا میں دولہے اور اس کے گھر والوں نے کسی قسم کے جہیز کا مطالبہ نہیں کیا تھا اور سادگی سے نکاح کرنے کی بات کہی تھی۔ لڑکی والوں نے اپنی استطاعت کے مطابق موٹر سائیکل دینے کی پیشکش بھی کی تھی۔
تاہم شادی کی تاریخ قریب آنے پر مبینہ طور پر دولہے والوں نے پہلے بُلٹ موٹر سائیکل اور پانچ لاکھ روپے نقد کا مطالبہ کیا اور بعد ازاں تھار گاڑی کی شرط بھی رکھ دی۔ دلہن کے والد کا الزام ہے کہ انہوں نے شادی کے لئے جہیز کا سامان بھی تیار کرکے 24 اکتوبر کو گورکھپور میں دولہے کے گھر بھجوادیا تھا، جس میں بیڈ، ڈریسنگ ٹیبل، صوفہ اور دیگر گھریلو اشیاء شامل تھیں۔
26 اکتوبر کی رات مقررہ وقت پر بارات نہیں پہنچی تو دلہن کے افراد خاندان نے دولہے والوں سے رابطہ کیا۔ پہلے انہیں بارات روانہ ہونے کی یقین دہانی کروائی جاتی رہی، لیکن رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے مبینہ طور پر واضح کردیا گیا کہ تھار گاڑی کا مطالبہ پورا کئے بغیر نکاح نہیں ہوگا۔ اس خبر سے دلہن کو شدید صدمہ پہنچا اور وہ بے ہوش ہوگئی۔ بعض رپورٹس کے مطابق اس کی طبیعت کئی مرتبہ بگڑی اور اسے ہاسپٹل میں شریک کروانا پڑا۔
پولیس کارروائی، دولہا اور والدین کے خلاف مقدمہ درج
واقعہ کے بعد دلہن کے والد مرزا اجمل بیگ نے خاتون پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ رپورٹ کے مطابق، دولہے محمد سلمان اور اس کے والدین کے خلاف جہیز کے مطالبہ اور شادی سے انکار کے معاملہ میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
اجمل بیگ کے مطابق فنکشن ہال کی بکنگ پر تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار روپے جبکہ کھانے اور دیگر انتظامات پر تقریباً چھ لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ بارات نہ آنے سے خاندان کو بھاری مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ پولیس حکام نے معاملہ کی تحقیقات اور قانونی کارروائی کی تصدیق کی ہے۔




