بیٹی کی شادی اپنے ہی گھر میں کرانے کی خواہش پوری نہ ہوسکی، وائی ایس شرمیلا کا جذباتی بیان

حیدرآباد: آندھرا پردیش کانگریس کی صدر وائی ایس شرمیلا نے اپنی بیٹی وائی ایس انجلی ریڈی کی شادی کے مقام کی تبدیلی پر بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے جذباتی بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی اپنے گھر سے کریں، لیکن بعض حالات کے باعث ان کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔
شرمیلا نے واضح کیا کہ یلہنکا کی جائیداد ان کی اور ان کے بچوں کے حصے میں 100 فیصد آئی ہے۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی کے چیف منسٹر بننے کے بعد خاندانی جائیداد کی تقسیم کے دوران یہ جائیداد ان کے حصے میں آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا گھر رہا ہے اور ان کے بچوں کا حق بھی ہے، اسی لئے بیٹی انجلی کی خواہش پر اسی گھر میں شادی منعقد کرنے کا ارادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ انجلی کی شادی خاندان کی رضامندی سے طے پائی ہے اور وہ نہیں چاہتیں کہ اس خوشی کے موقع پر کوئی تنازعہ یا ناخوشگوار صورتحال پیدا ہو۔ اسی لئے انجلی ریڈی اور سوملا رگھورام ریڈی کی شادی یلہنکا کے گھر کے بجائے کسی دوسرے مقام پر رشتہ داروں اور قریبی احباب کی موجودگی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شرمیلا نے ہونے والے جوڑے کے لئے تلگو عوام سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کی اپیل کرتے ہوئے ان تمام افراد سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اس معاملے میں ان کی بیٹی کے لئے فکر مندی ظاہر کی۔



