ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے پر شوہر کا قتل، بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر رچی سازش – کاماریڈی ضلع میں دل دہلا دینے والا واقعہ

ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے پر شوہر کا قتل، بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر رچی سازش
شراب پلا کر نائیلون کی رسی سے گلا گھونٹا، نعش تالاب میں پھینک دی
کاماریڈی، 31 اکتوبر (سید کوثر علی کی رپورٹ) تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ منڈل کے ہنمانج پیٹ گاؤں میں ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے پر ایک خاتون نے اپنے عاشق اور اس کے ساتھی کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت گمّڈی کاشی رام (26) کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گمّڈی سویتہ اپنے شوہر کاشی رام کے ساتھ ہنمانج پیٹ میں رہ رہی تھی۔
اس دوران اس کے پسوپلا سنتوش نامی شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے۔ شوہر کو راستے سے ہٹانے کے لیے سویتہ نے اپنے عاشق سنتوش اور چنتاکند رامو کے ساتھ مل کر قتل کی سازش تیار کی منصوبے کے تحت رواں ماہ کی 23 تاریخ کو کاشی رام کو شراب نوشی کے بہانے پچّیرو تالاب کے قریب لے جایا گیا۔ وہاں اسے خوب شراب پلانے کے بعد نشے کی حالت میں نائیلون کی رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا اور نعش تالاب میں پھینک کر دونوں ملزمین فرار ہوگئے۔
کاشی رام کی مشتبہ موت کے سلسلے میں اس کے والد کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ تحقیقات کے دوران قتل کا انکشاف ہوا، جس کے بعد پولیس نے بیوی سویتہ، اس کے عاشق سنتوش اور رامو کو حراست میں لے لیا



