کلاس روم میں دسویں جماعت کی طالبہ پر آری مشین سے وحشیانہ حملہ، دوسری طالبہ بھی زخمی؛ ملزم ہیمنت گرفتار
اننت پور: آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے رپتاڑو منڈل مرکز میں واقع ضلع پریشد ہائی اسکول میں ہفتہ کے روز ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نے برقی آری مشین سے دسویں جماعت کی طالبہ پر حملہ کردیا۔ اس حملے میں طالبہ شدید زخمی ہوگئی، جبکہ اسے بچانے کی کوشش کرنے والی دوسری طالبہ بھی زخمی ہوگئی۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزم ہیمنت کو دھرما ورم ریلوے اسٹیشن پر گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، حملہ اس وقت کیا گیا جب اسکول میں تدریسی سرگرمیاں جاری تھیں۔ ملزم آری مشین لے کر کلاس روم میں داخل ہوا اور طالبہ پر وحشیانہ حملہ کردیا۔ حملے میں طالبہ کی گردن، چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر گہرے زخم آئے، جبکہ اس کا دایاں ہاتھ شدید متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
زخمی طالبہ کا تعلق آیاواری پلّی سے بتایا گیا ہے۔ اسے پہلے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں بہتر علاج کے لئے اننت پور کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک بتائی۔ حملے کو روکنے کی کوشش کرنے والی دوسری طالبہ کے پیر پر بھی زخم آئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ملزم طالبہ کی جانب سے محبت کی پیشکش مسترد کئے جانے پر اس سے ناراض تھا۔ تاہم پولیس اس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے اور محرکات کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔
واقعہ کے وقت اسکول میں تعمیراتی کام جاری ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس بات پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ آری مشین لے کر ایک شخص اسکول کے احاطے اور کلاس روم تک کیسے پہنچ گیا۔ واقعہ کے بعد طلبہ اور اساتذہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے واقعہ پر شدید برہمی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمی طالبہ کو بہتر سے بہتر طبی امداد فراہم کرنے اور ملزم کو سخت سزا دلانے کی ہدایت دی ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ وی انیتا بھی پولیس تحقیقات کی نگرانی کررہی ہیں۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



