دولہا اور دلہن دونوں مرد! ہماچل پردیش کا انوکھا تہوار

نئی دہلی: ہندوستانی روایات میں شادی کے موقع پر دولہا اور دلہن کا ہونا لازمی سمجھا جاتا ہے لیکن کیا آپ نے کبھی ایسی شادی دیکھی ہے جس میں دولہا اور دلہن دونوں مرد ہوں؟ ہماچل پردیش کے ایک گاؤں میں صدیوں سے یہ منفرد روایت جاری ہے
جہاں ہر سال بہار کی آمد سے قبل دو مردوں کو دولہا اور دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے اور روایتی رسم و رواج کے ساتھ ان کی شادی کی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ اس منفرد تہوار کو ’راؤلانے‘ کہا جاتا ہے۔ہماچل پردیش کے ضلع کنور میں واقع تاریخی گاؤں کلپا میں قدرت سے جڑی کئی قدیم روایات آج بھی برقرار ہیں۔
ان میں راؤلانے تہوار کو خاص اہمیت حاصل ہے۔مقامی لوگوں کے عقیدے کے مطابق سردیوں کے موسم میں ’ساؤنی‘ نامی پہاڑی ارواح گاؤں کے اطراف گھومتی ہیں اور لوگوں کے ساتھ ان کے مویشیوں کو بھی آفات سے محفوظ رکھتی ہیں۔ موسم بہار شروع ہوتے ہی یہ ارواح واپس پہاڑوں کی طرف لوٹ جاتی ہیں۔
ان کے تئیں اظہارِ تشکر کے لیے پانچ سے سات دن تک یہ تہوار منایا جاتا ہے۔اس تہوار کی سب سے منفرد بات یہ ہے کہ دو مرد دولہا اور دلہن کا کردار ادا کرتے ہیں۔ دولہے کو ’راؤلا‘ جبکہ دلہن کو ’راؤلانے‘ کہا جاتا ہے۔راؤلا سرخ رنگ کی گچی اور اونی لباس زیب تن کرتا ہے اور چہرے پر نقاب لگاتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں تحفظ کی علامت سمجھی جانے والی ’راکَس‘ نامی تلوار ہوتی ہے۔
دوسری جانب راؤلانے کو دلہن کی طرح سجایا جاتا ہے۔ وہ کرتی اور چولی کے ساتھ کمر پر بیلٹ پہنتا ہے اور پھولوں سے سجا تاج سر پر رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈاگلو، بٹڑی اور کَونتائے جیسے چاندی کے روایتی زیورات بھی پہنتا ہے۔
اس تہوار کی تقریبات ناگن نارائن مندر کے قریب منعقد ہوتی ہیں۔ روایتی لباس میں ملبوس راؤلا اور راؤلانے مخصوص انداز میں آہستہ آہستہ قدم بڑھاتے ہوئے ’رولانی‘ نامی روایتی رقص پیش کرتے ہیں۔ڈھول اور دماؤ جیسے روایتی سازوں کی گونج میں پورے گاؤں میں جلوس نکالا جاتا ہے۔
اس موقع پر جو کے آٹے کا چھڑکاؤ بھی کیا جاتا ہے جس سے ماحول ہولی کے تہوار جیسا دکھائی دیتا ہے۔ گاؤں کے تمام افراد ہماچلی روایتی لباس پہن کر ان تقریبات میں حصہ لیتے ہیں۔
دو مردوں کا دولہا اور دلہن کا روپ اختیار کرنا پہاڑی ارواح کے تئیں اظہارِ تشکر اور پورے گاؤں کا مل کر رقص و جشن منانا راؤلانے تہوار کو ہماچل پردیش کی منفرد ثقافتی روایات میں نمایاں مقام عطا کرتا ہے۔




