انٹر نیشنل
نیویارک میں عمارت منہدم، 8 افراد ہلاک، 17 زخمی
نیویارک کے بروکلین علاقے میں ایک تین منزلہ عمارت اچانک منہدم ہونے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ 2625 بیڈفورڈ ایونیو پر پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق، عمارت کے قریب واقع خالی اراضی پر تعمیراتی کام کے سلسلے میں کھدائی کی جارہی تھی کہ اچانک تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں مقامِ حادثہ پر پہنچ گئیں اور راحت کاری کی کارروائیاں شروع کردیں۔ ملبے میں پھنسے افراد میں سے بعض کو امدادی کارکنوں نے بحفاظت باہر نکال لیا، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق، منہدم ہونے والی عمارت 1930 میں تعمیر کی گئی تھی۔ حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔



