تلنگانہ

صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کی تجدید کا معاملہ: تلنگانہ ہائی کورٹ کا محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرنے کا حکم

حیدرآباد، 13 نومبر: تلنگانہ ہائی کورٹ نے صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کی عدم تجدید کے معاملے میں دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (آئی اینڈ پی آر) کو اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے عدالتی احکامات پر عمل آوری سے متعلق مکمل رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔

 

عدالت نے واضح کیا کہ متعلقہ رپورٹ 23 نومبر 2026 تک یا اس سے قبل داخل کی جائے۔ یہ درخواست تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (ٹی یو ڈبلیو جے ایف) کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

 

قائم مقام چیف جسٹس پی سام کوشی اور جسٹس نرسمہا راؤ نندیکونڈا پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے جمعہ کو اس معاملے کی سماعت کی۔ بنچ نے نشاندہی کی کہ 29 ستمبر 2026 سے ہی متعلقہ حکام عدالتی ہدایات حاصل کرنے کے منتظر تھے، جبکہ 5 نومبر کو بھی جوابی حلف نامہ داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کی گئی تھی۔ تاہم سماعت کے دن تک بھی محکمہ کی جانب سے کوئی جوابی حلف نامہ داخل نہیں کیا گیا۔

 

سماعت کے دوران محکمہ کے نمائندوں نے عدالت کو بتایا کہ سابقہ عدالتی حکم پر عمل آوری کی جاچکی ہے۔ تاہم ٹی یو ڈبلیو جے ایف کے وکیل برکت علی خان نے اس دعوے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی احکامات پر عمل کیا گیا ہے تو اس کے ثبوت اور متعلقہ دستاویزات عدالت میں پیش کیے جانے چاہئیں۔

 

وکیل نے عدالت کی توجہ فیڈریشن کے سکریٹری سید غوث محی الدین کی جانب سے 29 ستمبر اور 31 اکتوبر 2026 کو محکمہ آئی اینڈ پی آر کو روانہ کردہ مکتوبات کی طرف مبذول کروائی۔ ان مکتوبات کے ساتھ ان صحافیوں کی فہرست بھی منسلک کی گئی تھی جن کے ایکریڈیشن کارڈز کی تجدید مطلوب ہے۔

 

برکت علی خان نے مزید وضاحت کی کہ محکمہ کی جانب سے 30 اپریل 2026 کو ٹی ایس آر ٹی سی کو روانہ کردہ مکتوب صرف صحافیوں کے بس پاسس سے متعلق تھا، اس کا ایکریڈیشن کارڈز کی تجدید سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

 

فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد ڈیویژن بنچ نے محکمہ کے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عدالتی احکامات پر عمل آوری کی موجودہ صورتحال اور اس سے متعلق تمام تفصیلات پر مشتمل مکمل رپورٹ 23 نومبر تک داخل کی جائے۔ عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت بھی 23 نومبر 2026 تک ملتوی کردی۔

 

واضح رہے کہ اس معاملے سے متعلق اصل رِٹ پٹیشن کی سماعت 25 نومبر 2026 کو مقرر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button