تلنگانہ

حیدرآباد کو پانی فراہم کرنے والے سنگور اور منجیرہ ذخائر خشک ہونے کے قریب، صرف 42 دن کا پانی باقی

حیدرآباد کو پانی فراہم کرنے والے سنگور اور منجیرہ ذخائر خشک ہونے کے قریب، صرف 42 دن کا پانی باقی

دسمبر کے اواخر سے پانی کی سربراہی بند ہونے کا خدشہ، 3 لاکھ نل کنکشن متاثر ہونے کا امکان، سات اسمبلی حلقوں کے عوام کو مشکلات کا اندیشہ

 

حیدرآباد، 13 نومبر (اردو لیکس ڈیسک): حیدرآباد کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے اہم سنگور اور منجیرہ آبی ذخائر میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک کم ہوگئی ہے۔ موجودہ ذخیرہ صرف مزید 42 دن تک شہر کی ضروریات پوری کرسکتا ہے۔ بارش اور سیلابی پانی کی آمد نہ ہونے کے باعث سنگور ذخیرے کی سطح میں اضافہ نہیں ہوا، جبکہ نومبر میں بھی بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ صورتحال برقرار رہنے پر دسمبر کے اواخر تک پانی کی سربراہی بند ہونے کا خدشہ ہے، جس سے شہر کے 14 لاکھ نل کنکشنوں میں سے تقریباً 3 لاکھ متاثر ہوسکتے ہیں۔

 

سنگور اور منجیرہ سے روزانہ چار مرحلوں میں 300 ملین لیٹر پانی شہر منتقل کیا جاتا ہے، جو شیری لنگم پلی، پٹان چیرو، جوبلی ہلز، کوکٹ پلی، صنعت نگر، راجندر نگر اور خیریت آباد اسمبلی حلقوں کے مختلف علاقوں کو فراہم ہوتا ہے۔

 

سنگور ذخیرے کی مکمل گنجائش 523 میٹر ہے، جبکہ موجودہ سطح 513.320 میٹر ہے۔ پانی کی سطح 516 میٹر سے کم ہونے کے بعد کششِ ثقل کے ذریعے پانی کی آمد بند ہوگئی اور گزشتہ دو ماہ سے ہنگامی پمپنگ کے ذریعہ سربراہی جاری ہے۔ سطح 510 میٹر تک پہنچنے پر روزانہ تقریباً 300 ملین لیٹر پانی کی فراہمی بند ہونے کا امکان ہے۔

 

منجیرہ کا پانی بند ہونے سے ایراگڈہ، امیرپیٹ، یوسف گوڑہ، کوکٹ پلی، موسیٰ پیٹ، جگت گیری گٹہ، لنگم پلی، چندا نگر، میاں پور، امین پور اور نظام پیٹ سمیت متعدد علاقے متاثر ہوں گے، جبکہ سنگور کی سربراہی رکنے سے مادھاپور، کونڈاپور، گچی باؤلی، رائے درگم، منی کونڈہ، مہدی پٹنم، بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، ٹولی چوکی اور گولکنڈہ کے اطراف کے علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ یوں بارش نہ ہونے کی صورت میں حیدرآباد کے لاکھوں عوام کو پینے کے پانی کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button