ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ سلفی کے اعزاز میں تہنیتی تقریب ۔ مکتب جالیات ریاض

ریاض (پریس نوٹ)
منزلیں ان ہی کی ہیں جن کے عزم پختہ ہیں
کامیاب لوگوں کا بس یہی حوالہ ہے
جمعہ کی شب مکتب جالیات بدیعہ ، ریاض ، سعودی عرب کے وسیع و عریض ہال میں دین رحمت کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس کی صدارت ڈاکٹر عبدالباری فتح اللہ مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی۔ جبکہ نظامت کے فرائض محترم مظفر حسین مدنی حفظہ اللہ نے نہایت حسن و خوبی کے ساتھ انجام دیے۔
عبدالرحمٰن راشد عمری کے مطابق اس موقع پر رابطہ کمیٹی اردو جالیات ، ریاض ، سعودی عرب کے ذمہ دار محترم جلال بن نثار احمد اور ان کے رفقا نے ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ سلفی حفظہ اللہ کو جامعہ الملک سعود سے ڈاکٹریٹ کی اعلی ڈگری حاصل کرنے پر یادگاری شیلڈ پیش کرکے ان کی کامیابی اور خدمات کا اعتراف کیا۔
یہ ایک قابلِ ذکر امر ہے کہ ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ سلفی نیپال کے پہلے خوش نصیب اور ہونہار فرزند ہیں جنہوں نے کنگ سعود یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ بلاشبہ یہ انفرادی کامیابی کے ساتھ پوری قوم کے لیے بھی باعثِ افتخار ہے۔
ڈاکٹر صاحب کا شمار ان عبقری اور قدآور شخصیات میں ہوتا ہے جن پر قوم ، سماج اور اہل علم بجا طور پر فخر کرتے ہیں۔ آپ جہاں ایک فعال ، متحرک اور مخلص داعی اسلام ہیں، وہیں ایک بہترین قلم کار اور کہنہ مشق انشا پرداز بھی ہیں۔ آپ کے مزاج میں دینی بصیرت اور فکری پختگی کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔ اس کے علاوہ آپ کی مہمان نوازی ، خوش اخلاقی اور کردار کی بلندی کا ہر شخص معترف ہے-
اس سے قبل بھی 30 اکتوبر 2026ء کو جالیات صناعیہ قدیمہ میں ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیا تھا۔ اس تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ ڈاکٹر زبیر احمد اسداللہ کو جمعیت اہلِ حدیث (ہند) ، ریاض کی جانب سے تکریمی تمغہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شہرِ ریاض کے علما، فضلا و شعرا نے ڈاکٹر صاحب کی علمی ، دعوتی ، سماجی اور رفاہی خدمات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ اس سلسلے میں محمد فرقان مدنی ، انعام الحق مبارکپوری ، اکبر شمس الدین، ڈاکٹر نعیم الحق ، عبدالحکیم مدنی ، محمد مرتضیٰ عبدالسلام ، حسان ابوالمکرم ، محمد عمر صلاح الدین اور عبدالرحمن راشد عمری حفظہم اللہ کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔
ڈاکٹر زبیر احمد نے تمام شرکا اور منتظمین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آپ نے جامعہ سلفیہ ، بنارس سے جامعہ الملک سعود تک کے اپنے علمی و تعلیمی سفر کی داستان نہایت جامع اور مؤثر انداز میں پیش کی جو عزم و حوصلے ، ہمت و استقلال ، لگن اور جہد مسلسل کی ایک روشن مثال ہے۔ آپ کی گفتگو سامعین کے لیے نہایت یادگار ثابت ہوئی اور اس کے انمٹ نقوش ان کے دلوں پر ثبت ہوگئے۔
آخر میں صدر مجلس ڈاکٹر محمد اسحاق مدنی حفظہ اللہ نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں علمی اور دعوتی میدان میں پیش پیش رہنا چاہیے اور اپنے حصے کی شمع روشن کرتے رہنا چاہیے۔ آپ نے علم حدیث کی اہمیت نیز اس کی تخریج و تحقیق کے میدان میں مزید پیش رفت کی ضرورت پر بھی خصوصی توجہ دلائی۔ ایک پر تکلف عشائیہ پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔



