تلنگانہ میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ، کوہیر میں 11 ڈگری سیلسیس – آئندہ دو دن سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی

حیدرآباد: تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ مزید دو دن تک شدید سردی برقرار رہنے کا انتباہ دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق، کئی مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 2 تا 3 ڈگری سیلسیس کم ریکارڈ ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث عوام کو سردی کی لہر سے راحت ملنے کے آثار نہیں ہیں۔
جمعرات کو ضلع سنگاریڈی کے کوہیر میں ریاست کا سب سے کم درجہ حرارت 11.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گریٹر حیدرآباد کے راجندر نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.1 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سردی کے پیش نظر عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر بچوں، معمر افراد اور کمزور قوت مدافعت رکھنے والوں کو سردی سے محفوظ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سرد موسم کے باعث انفیکشن پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صبح اور رات کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور گرم لباس کا استعمال کریں۔




