اسپشل اسٹوری

عمران پرتاپ گڑھی کی نظم پر فتویٰ، والد کی محبت کے اظہار کو عقیدۂ توحید سے جوڑنے پر بحث چھڑ گئی

بریلی: 17 نومبر (اردو لیکس ڈیسک) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا اور معروف شاعر عمران پرتاپ گڑھی کی والد محترم کے نام لکھی گئی نظم ’’اے میرے والدِ محترم‘‘ پر مذہبی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ نظم کے ایک شعر کو بنیاد بناتے ہوئے بریلی کی درگاہ زندہ شاہ مدار کے سجادہ نشین سید انتخاب عالم جعفری نے اعتراض کیا ہے، جبکہ اس معاملے میں درگاہ مکن پور شریف کے مفتی ابوالحماد محمد اسرافیل حیدری الماداری کی جانب سے فتویٰ جاری کئے جانے کی اطلاع ہے۔ اس تنازعہ کے بعد نظم کے مفہوم، شاعر کی نیت اور مذہبی عقائد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق 14 نومبر کو یوپی جے اے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سید انتخاب عالم جعفری نے کہا کہ عمران پرتاپ گڑھی کی نظم کے ایک شعر میں والد کو اللہ تعالیٰ سے بڑھ کر مقام دینے کا مفہوم نکلتا ہے، جو اسلامی عقیدۂ توحید کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں اللہ تعالیٰ کی ذات سب سے اعلیٰ اور برتر ہے، والدین کا احترام، محبت اور خدمت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، لیکن کسی انسان کو اللہ تعالیٰ سے بالاتر قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے اپنی بات کی تائید میں قرآن مجید کی سورۂ توبہ، سورۂ لقمان اور سورۂ اخلاص کا حوالہ بھی دیا۔

 

سید انتخاب عالم جعفری کے مطابق اس معاملے میں علماء سے فتویٰ حاصل کیا گیا ہے، جس میں عمران پرتاپ گڑھی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ عوامی طور پر معافی مانگیں، اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں توبہ کریں اور دوبارہ کلمہ پڑھ کر تجدید ایمان کریں۔ بعض اطلاعات میں تجدید نکاح کا مشورہ دیئے جانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ جعفری نے واضح کیا کہ ان کا اعتراض سیاسی مخالفت یا ذاتی دشمنی کی بنیاد پر نہیں بلکہ مذہبی عقائد کے تناظر میں ہے۔

 

دوسری جانب عمران پرتاپ گڑھی کے دفاع میں سوشل میڈیا پر کئی افراد نے آواز اٹھائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نظم کو اس کے مجموعی مفہوم اور ادبی پس منظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ نظم میں شاعر نے اپنے والد کی محبت، قربانیوں، خاموشی، شفقت اور دعاؤں کو بیان کیا ہے۔ اس میں والد کو اللہ تعالیٰ کے برابر یا اس سے برتر قرار دینے کا کوئی واضح بیان موجود نہیں ہے۔ نظم کا مشہور مصرعہ ’’تیرا سایہ ہے صحنِ حرم‘‘ والد کی شفقت اور تحفظ کو شاعرانہ انداز میں بیان کرتا ہے۔ حامیوں کا کہنا ہے کہ ادبی تشبیہات کو ان کے اصل مفہوم سے ہٹ کر پیش کرکے کسی کے ایمان پر سوال اٹھانا مناسب نہیں۔

 

اس معاملے میں ایک اہم پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ فتویٰ دینے والوں کی جانب سے جس شعر پر اعتراض کیا جارہا ہے، اس کے بارے میں بعض خبروں میں یہ مصرعہ نقل کیا گیا ہے کہ ’’تیری سیکھوں سے روشن ہے میری حیات، رب سے بڑھ کر ملی تجھ میں ہر ایک بات‘‘، تاہم عمران پرتاپ گڑھی کی مذکورہ نظم کے دستیاب مکمل متن میں یہ مصرعہ موجود نہیں ہے۔ اس اختلاف کے باعث نظم کے اصل اور مکمل متن کو سامنے رکھ کر معاملے کا جائزہ لینے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔

 

ایک مولانا نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ عربی زبان میں لفظ ’’رب‘‘ کے معنی صرف اللہ تعالیٰ کے نہیں آتے بلکہ اس کے لغوی مفہوم میں پالنے والا، پرورش کرنے والا، دیکھ بھال کرنے والا اور نگہداشت کرنے والا بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق نظم میں شاعر نے اپنے والد کی محبت، شفقت اور پرورش کو بیان کرنے کے لیے یہ لفظ استعمال کیا ہے، لہٰذا شعر کو اس کے ادبی اور لغوی مفہوم کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ محض ایک مصرعے کی بنیاد پر شاعر کے عقیدے پر سوال اٹھانا اور اسے غیر ضروری تنازعہ میں گھیسٹا جارہا ہے

 

قابل ذکر ہے کہ عمران پرتاپ گڑھی اس سے قبل بھی اپنی شاعری کے حوالے سے تنازعات کا سامنا کرچکے ہیں۔ مارچ 2025 میں ان کی ایک دوسری نظم ’’اے خون کے پیاسے بات سنو‘‘ پر گجرات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں سپریم کورٹ نے ختم کردیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ شاعری اور ادبی اظہار کو محض مختلف تشریحات کی بنیاد پر جرم نہیں قرار دیا جاسکتا اور جمہوری معاشرے میں اظہارِ خیال کی آزادی کا تحفظ ضروری ہے۔

 

اس  فتویٰ کے جواب میں عمران پرتاپ گڑھی کا کوئی واضح باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button