’’شاہ بانو کیس سے بابری مسجد کی شہادت تک – سونیا گاندھی نے اپنی خودنوشت میں مسلمانوں کے بارے میں کیا لکھا؟‘‘

۔ سونیا گاندھی کی نئی خودنوشت "Belonging: A Journey of Love” میں مسلمانوں، مسلم پرسنل لا، شاہ بانو مقدمہ، بابری مسجد، ایودھیا تنازعہ اور بی جے پی کی سیاست سے متعلق اہم نکات سامنے آئے ہیں۔
یہ کتاب 10 نومبر 2026 کو شائع ہوئی ہے۔ اس میں سونیا گاندھی نے راجیو گاندھی کے دورِ حکومت کے بعض اہم فیصلوں اور ہندو مسلم تعلقات پر اپنے مشاہدات اور خیالات بیان کئے ہیں۔
نئی دہلی، 15 نومبر (اسپیشل اسٹوری) کانگریس کی سینئر قائد اور سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اپنی نئی خودنوشت Belonging: A Journey of Love میں ہندوستان کے مسلمانوں، مسلم پرسنل لا، شاہ بانو مقدمہ، بابری مسجد تنازعہ اور ملک میں فرقہ وارانہ سیاست کے حوالے سے کئی اہم واقعات کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے شوہر اور سابق چیف منسٹر راجیو گاندھی کے دورِ حکومت میں پیش آئے بعض حساس واقعات کے پس منظر کو بھی بیان کیا ہے۔ ان کے یہ بیانات ایک مرتبہ پھر 1980 اور 1990 کی دہائی کی ہندوستانی سیاست کے اہم واقعات کو موضوعِ بحث بنا رہے ہیں۔
شاہ بانو مقدمہ اور مسلم پرسنل لا کا تحفظ
سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں 1985 کے شاہ بانو مقدمہ کو ہندو مسلم تعلقات میں کشیدگی کا باعث بننے والے اہم واقعات میں شمار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ شاہ بانو ایک غریب مسلم خاتون تھیں، جنہیں ان کے شوہر نے دوسری شادی کے بعد گھر سے نکال دیا تھا۔ شاہ بانو نے اپنے اور بچوں کے نان و نفقہ کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس پر سپریم کورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔
سونیا گاندھی کے مطابق اس فیصلے کو شوہر کی جانب سے مسلم پرسنل لا کی بنیاد پر چیلنج کیا گیا، جس کے نتیجے میں مذہبی آزادی اور خواتین کے حقوق کے درمیان ایک اہم قانونی اور سیاسی بحث شروع ہوگئی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ شاہ بانو معاملے پر وہ خود بھی فکرمند تھیں اور اخبارات و رسائل میں شائع ہونے والی خبروں کو پڑھ کر انہیں تشویش ہوئی تھی۔ انہوں نے راجیو گاندھی سے اس معاملے پر سوال بھی کیا تھا کہ آخر حکومت مسلم خواتین کے مفادات کو قربان کرنے کے الزامات کا سامنا کیوں کررہی ہے؟
سونیا کے مطابق راجیو گاندھی نے انہیں بتایا تھا کہ وہ ایک پیچیدہ مسئلے کا منصفانہ حل تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسلم خواتین کے حقوق کا تحفظ بھی ہو اور مسلم پرسنل لا کا پورا نظام بھی متاثر نہ ہو۔
انہوں نے راجیو گاندھی کے 1986 کے مسلم خواتین (طلاق کے حقوق کا تحفظ) قانون کا دفاع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس کے ذریعے مذہبی عقائد اور خواتین کے حقوق کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ان کے مطابق شاہ بانو کو عدالت کی جانب سے مقرر کردہ ماہانہ 179.20 روپے کے مقابلے میں اس قانون کے تحت زیادہ منصفانہ اور مناسب مالی تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔
بابری مسجد تنازعہ اور تالے کھولنے کا واقعہ
سونیا گاندھی نے بابری مسجد اور رام جنم بھومی تنازعہ کا بھی تفصیل سے ذکر کیا ہے۔ ان کے مطابق ایودھیا میں واقع سولہویں صدی کی مسجد ایک عرصے سے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان تنازعہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔
انہوں نے لکھا ہے کہ 1949 میں مسجد کے اندر رام اور سیتا کی مورتیاں رکھ دی گئی تھیں، جس کے بعد عدالتی احکامات کے تحت مسجد کے دروازے مقفل کردیئے گئے تھے تاکہ فرقہ وارانہ امن برقرار رہے۔
سونیا گاندھی کے مطابق فروری 1986 میں فیض آباد کی ضلعی عدالت نے اچانک سابقہ صورتحال کو تبدیل کرتے ہوئے مسجد کے تالے کھولنے کا حکم دیا۔ ان کے بیان کے مطابق عدالتی حکم کے بعد ایک گھنٹے کے اندر مسجد کے دروازے کھول دیئے گئے اور عقیدت مندوں کو اندر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ انہوں نے اس کارروائی کی غیر معمولی تیزی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔
سال 2002 کے فسادات کا ذکر
انہوں نے رام جنم بھومی تحریک کے آغاز اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا اور ایسے جلوس نکالے جانے لگے جو زیادہ تر مسلم آبادی والے علاقوں سے گزرتے تھے۔ ان جلوسوں میں اشتعال انگیز نعرے لگائے جاتے تھے، جس کے بعد تشدد کے واقعات پیش آتے تھے۔
سونیا گاندھی نے اپنی آپ بیتی میں گجرات 2002 کے فسادات کا ذکر کرتے ہو ئے لکھا ہے کہ ان فسادات کی بھیانک تصویریں ٹی وی پر دیکھ کر پورا ملک سہم گیا تھا۔ انھوں نے کس طرح اپوزیشن قائد کے طور پر احمد آباد میں ایک ریلیف کیمپ کا دوره کیا۔ وہ اس فساد میں زندہ بچ جانے والوں سے ملنے کے تجربے کے بارے میں لکھتی ہیں فرقہ وارانہ تشدد کے زیادہ تر متاثرین مسلمان تھے۔ گجرات میں کانگریس لیڈروں کی مدد کی پکار کے باوجود حکومت نے کوئی موثر کارروائی نہیں کی
۔ انھوں نے گجرات تشدد کے پیچھے بی جے پی آرایس ایس اور بجرنگ دل کے انتہا پسندوں کے کردار کا بھی ذکر کیا ہے۔ سونیا نے اپنی کتاب میں ہندوستان کے سماجی تانے بانے پر اپنے نقطہ نظر کا اعادہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر شہری کو بلا تفریق مذہب عزت و وقار کے ساتھ اور کسی کو وفاداری ثابت کئے بغیر زندگی گزارنے کے قابل ہونا چاہئے۔سونیا کے مطابق انسانی جانوں کا ضیاع اور املاک کی تباہی نے ہندو مسلم تعلقات میں مزید دوریاں پیدا کیں۔
آر ایس ایس اور بی جے پی کی سیاست پر تنقید
سونیا گاندھی نے اپنی خودنوشت میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نظریات پر بھی تنقید کی ہے۔ ان کے مطابق آر ایس ایس کا تصورِ ہندو راشٹر آئین کے مساوات، تکثیریت اور سیکولرازم کے اصولوں سے متصادم ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اس نظریے کے تحت مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کو مساوی شہری حقوق کے بجائے دوسرے درجے کے شہریوں کی حیثیت دیئے جانے کا تصور پیش کیا جاتا ہے۔سونیا گاندھی کا الزام ہے کہ آر ایس ایس کے یہی بالادستی پر مبنی نظریات بی جے پی کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ بنے۔
مسلم اقلیت اور فرقہ وارانہ سیاست
سونیا گاندھی نے اپنی تحریر میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی ہے کہ کس طرح ایودھیا تنازعہ اور شاہ بانو مقدمہ نے ملک کی سیاست اور ہندو مسلم تعلقات کو متاثر کیا۔ ان کے بیان کے مطابق مذہبی معاملات کو سیاسی تحریکوں سے جوڑنے کے نتیجے میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا اور اقلیتوں کے تحفظ کا مسئلہ اہمیت اختیار کرتا گیا۔




