یوٹیوبرس صحافی نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ میں پولیس کا حلف نامہ

نئی دہلی: سوشل میڈیا پر ریلز اور انٹرویوس کرنے والے یوٹیوبرس کو اخبارات اور ٹی وی چینلز میں کام کرنے والے پیشہ ور صحافیوں کے برابر صحافی تسلیم کیا جا سکتا ہے یا نہیں؟ اس معاملے پر جاری بحث کے درمیان دہلی پولیس نے سپریم کورٹ میں اہم وضاحت پیش کی ہے۔
دہلی پولیس نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرس اور ریلز بنانے والے افراد کو صحافی قرار نہیں دیا جا سکتا۔پولیس کا کہنا ہے کہ محض کیمرہ اور مائیکروفون ہاتھ میں لے کر ویڈیوز بنانے سے کسی شخص کو پیشہ ور صحافی نہیں مانا جا سکتا۔یہ حلف نامہ ان درخواستوں کے جواب میں داخل کیا گیا ہے
جن میں الزام لگایا گیا تھا کہ دہلی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ہونے والے احتجاج کی کوریج کے لیے پہنچنے والے صحافیوں پر پولیس نے حملہ کیا اور انہیں ہراساں کیا۔پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ نیوز اداروں میں کام کرنے والے پیشہ ور صحافی اور تجارتی مقاصد کے لیے مواد تیار کرنے والے سوشل میڈیا کریئٹرس دونوں الگ طبقے ہیں۔
دہلی پولیس نے اپنے حلف نامے میں کہا ہے کہ کیمرے اور مائیکروفون کے ذریعے تجارتی مقاصد کے لیے مواد تیار کرنے والے افراد، پیشہ ور صحافیوں سے بالکل مختلف ہیں۔پولیس کے مطابق ایسے کانٹینٹ کریئٹرس کو کس طرح صحافیوں کے زمرے میں شامل کیا جا سکتا ہے یہ معاملہ ابھی طے ہونا باقی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اکتوبر میں ہونے والے احتجاج کے دوران کسی بھی صحافی کو کوریج سے نہیں روکا گیا۔
قومی بین الاقوامی اور علاقائی میڈیا اداروں سے وابستہ صحافیوں کو بغیر کسی ایکریڈیٹیشن کے بھی کوریج کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم پولیس نے الزام لگایا کہ احتجاج کے دوران بعض افراد نے غلط شناخت کے ذریعے خود کو صحافی ظاہر کیا۔ پولیس نے اپنے حلف نامے میں اس سلسلے میں بعض ویڈیوز کا بھی حوالہ دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایک خاتون نے پریس کارڈ اور مائیکروفون آئی ڈی دکھاتے ہوئے خود کو صحافی بتایا تاہم پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ وہ ابھی صحافی نہیں بنی ہیں۔ایک اور ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس نے کہا کہ بعض یوٹیوبرس اور میڈیا نمائندے مواد تیار کرنے کے مقصد سے جان بوجھ کر پولیس کے ساتھ بحث و تکرار کر رہے تھے۔
دہلی پولیس نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ صحافیوں کو جان بوجھ کر کہیں بھی کوریج سے نہیں روکا گیا۔ احتجاجی مقامات پر پابندیاں صرف امن و امان برقرار رکھنے اور قانون کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے عائد کی گئی تھیں۔پولیس کے مطابق اگر غلطی سے کسی شخص کو حراست میں لیا گیا تو اس کی شناخت کی تصدیق کے بعد اسے فوری طور پر رہا کر دیا گیا۔
دہلی پولیس نے واضح کیا کہ صرف پریس ایکریڈیٹیشن یا شناختی کارڈ نہ ہونے کی بنیاد پر کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے تمام افراد پر یکساں ضابطے نافذ کیے گئے تھے۔




