نیشنل

حلقہ بندی بل کے خلاف کانگریس کی اپوزیشن اتحاد کو متحد کرنے کی کوشش – راہول گاندھی شرد پوار اور ایم کے اسٹالن سے ملاقات کریں گے

نئی دہلی، 29 نومبر: مرکز کی جانب سے مجوزہ حلقوں کی نئی حد بندی بل اور خواتین کے تحفظات سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر اپوزیشن جماعتوں میں اختلافات کے درمیان کانگریس نے انڈیا اتحاد کو متحد رکھنے کیلئے سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔

 

لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سونیا گاندھی سمیت انڈیا اتحاد کے اہم قائدین آج تمل ناڈو کے چیف منسٹر اور ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن سے چنئی میں ملاقات کریں گے، جبکہ بعد ازاں ممبئی میں این سی پی (شرد پوار) کے سربراہ شرد پوار سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے۔

 

اس ملاقات کا بنیادی مقصد دونوں قائدین کو مجوزہ بل کی مخالفت پر آمادہ کرنا اور پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل اپوزیشن کا مشترکہ موقف طے کرنا ہے۔ دراصل ڈی ایم کے نے مرکز کے نئے حلقہ بندی بل کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جبکہ شرد پوار کی جماعت این سی پی (شردچندر پوار) نے بھی مجوزہ قانون کی حمایت کے اشارے دیئے ہیں۔ ان فیصلوں سے انڈیا اتحاد میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔

 

راہول گاندھی نے کہا ہے کہ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 تک بڑھانے سے جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور بی جے پی و آر ایس ایس کو انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی کے ذریعے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اسٹالن سے اپیل کی ہے کہ وہ دستور اور ریاستوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اس بل کی مخالفت کریں۔

 

اس ملاقات میں مغربی بنگال کی سابق چیف منسٹر ممتا بنرجی، کرناٹک کے نائب چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار اور دیگر اپوزیشن قائدین کی شرکت بھی متوقع ہے۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 30 نومبر سے 3 دسمبر تک منعقد ہوگا، جس میں حکومت حلقہ بندی اور خواتین کے تحفظات سے متعلق آئینی ترمیمی بل پیش کرنے والی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button