حیدرآباد کے عنبرپیٹ میں مہیندرا شو روم میں بھیانک آگ لگنے کا واقعہ
حیدرآباد شہر کے عنبرپیٹ علاقہ میں ایک بڑا آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس سے مقامی افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاعات کے مطابق عنبرپیٹ 6نمبر چوراہے کے قریب واقع مہندرا شوروم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
، جس کے باعث شعلے بلند ہونے لگے اور پورا علاقہ گھنے دھوئیں کی لپیٹ میں آگیا۔ واقعہ کے وقت شوروم میں موجود عملہ اور قریبی رہائشی خوفزدہ ہوکر سڑکوں پر نکل آئے۔ذرائع کے مطابق شوروم میں کاروں اور دیگر اسپیئر پارٹس کی موجودگی کے سبب آگ تیزی سے پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا
اور کئی فائر انجنوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ساتھ ہی آگ کو قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہو سکتی ہے، تاہم اصل وجہ کا تعین ابھی باقی ہے
۔ اس واقعہ میں ہونے والے مالی نقصان اور کسی جانی نقصان یا زخمیوں کے تعلق سے تفصیلات فوری معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ پولیس اور فائر حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



