ہندوستان میں آج سے آئی فون 16 کی فروخت کا آغاز _ جانئے کیا ہے فون کی خصوصیات اور قیمتیں
نئی دہلی _ 20 ستمبر ( اردولیکس) بھارت میں آج سے ایپل 16 فون کی فروخت کا آغاز ہوگیا ہے ایپل نے اپنے آئی فون 16 سیریز کے فونز کی فروخت جمعہ کی صبح سے پورے ملک میں شروع کر دی ہے۔ ایپل آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) ٹیکنالوجی سے چلنے والے ان فونز کو خریدنے کے لئے خریدار ایپل اسٹورز کے سامنے قطار میں کھڑے ہیں۔ ممبئی اور دہلی سمیت ایپل کے کئی اسٹورز کے باہر خریداروں کی قطار لگ گئی۔ اس سے متعلق ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
ایپل کمپنی نے آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، آئی فون 16 پرو، آئی فون پرو میکس نام کے چار ماڈلز متعارف کیا ہے ۔ ان میں ایڈوانسڈ کیمرہ کنٹرول بٹن اور ایکشن بٹن نام کے دو نئے بٹن شامل کیے گئے ہیں۔ اسی طرح A18 کے ساتھ ایک نئی خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی چپ لگائی گئی ہے۔ دریں اثنا، آئی فون 16 کی ابتدائی قیمت 79,900 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ آئی فون 16 پلس 89,900 روپے، آئی فون 16 پرو 1,19,900، جبکہ آئی فون 16 پرو میکس 1,44,900 روپے رکھی گئی ہے
یہ فونز 128 جی بی اسٹوریج، 256 جی بی اسٹوریج اور 512 جی بی اسٹوریج ویریئنٹس میں دستیاب ہیں۔ آئی فون 16 سیریز کے فونز کے لیے ایپل انٹیلی جنس یو ایس انگریزی ورژن سافٹ ویئر اپ ڈیٹ اگلے ماہ شروع کر دیا جائے گا۔