جرائم و حادثات
فیس ادا نہ کرنے پر کالج اسٹاف کی جانب سے طالب علم کی کلاس روم میں سب کے سامنے بے عزتی – 15 سالہ ارویند نے خودکشی کرلی
آندھرا پردیش کے کاکیناڈا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سری چیتنیا جونیئر کالج کے انٹر فرسٹ ایئر کے 15 سالہ طالب علم ارویند نے مبینہ طور پر فیس ادا نہ کرنے پر سب کے سامنے بے عزتی کیے جانے کے بعد خودکشی کرلی۔
اطلاعات کے مطابق کالج اسٹاف نے فیس ادا نہ کرنے پر ارویند کو کلاس روم میں دیگر طلبہ کے سامنے ڈانٹا اور اسے گھر بھیج دیا۔ اس دوران کچھ طلبہ کے ہنسنے سے وہ شدید ذہنی دباؤ میں آگیا۔
مبینہ طور پر اسی بے عزتی کو برداشت نہ کرتے ہوئے ارویند نے جمعہ کی رات اپنے گھر میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔والدین اور رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ کالج اسٹاف کی ہراسانی کے باعث ارویند نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ واقعہ کے بعد مشتعل رشتہ داروں نے کالج پر احتجاج کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی۔



