آسام سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی اپیل اہل خیر و معاونین حضرات زیادہ سے تعاون کریں: مولانا حلیم اللہ قاسمی

آسام سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی اپیل
اہل خیر و معاونین حضرات زیادہ سے تعاون کریں: مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی: جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے اراکینِ عاملہ، مدعوئین خصوصی اور معززینِ شہر کی ایک اہم مشاورتی میٹنگ ریاستی دفتر، امام باڑہ کمپاؤنڈ، ممبئی میں صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر حضرت مولانا حلیم اللہ قاسمی کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جس میں اراکینِ عاملہ، مدعوئین خصوصی اور شہر کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ ممبئی کے صابو صدیق مسافر خانہ میں امارت شرعیہ کی میٹنگ میں شرکت کیلئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ارکان مجلس عاملہ اور مدعوئین خصوصی کو دعوت دی گئی تھی، اسی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ریاستی دفتر میں یہ میٹنگ منعقد کر لی گئی۔
میٹنگ میں آسام میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء آسام کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے جاری راحت رسانی اور امدادی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر آسام کے متاثرین کی فوری اور مؤثر مدد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف قاسمی نے اراکینِ عاملہ، مدعوئین خصوصی ضلعی صدور و نظماء اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی استطاعت کے مطابق تعاون پیش کریں۔ انھوں نے کہا کہ دفتر میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے رسیدات الگ کر دی گئی ہیں، آپ حضرات اپنے ساتھ رسید بک بھی لے جائیں۔ائمہ مساجد سے بھی درخواست ہے کہ وہ اپنی مساجد میں اس کا اعلان فرما کر مخیرین کو اس جانب متوجہ فرمادیں
میٹنگ میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد برادرانِ وطن کی ہے، تاہم مصیبت اور آفت کے موقع پر مذہب و ملت سے بالاتر ہوکر انسانیت کی بنیاد پر متاثرین کی مدد کرنا ہم سب کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں شرعی اصولوں کی رعایت کرتے ہوئے زکوٰۃ کے بجائےعطیات، للہ اور سود (Interest) کی رقم سے تعاون حاصل کریں ، تاکہ ضرورت مند اور متاثرہ خاندانوں تک بروقت امداد پہنچائی جا سکے۔
شرکاءِ میٹنگ نے آسام کے سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر اپنی استطاعت کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
اس میٹنگ میں ریاستی مجلس عاملہ ،مدعوئین خصوصی اور معززین شہر نے خاصی تعداد میں شرکت کی ۔



