مرچ پاؤڈر میں 30 فیصد لکڑی کا پاوڈر – حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں 25 لاکھ کی ملاوٹی مصالحہ فیکٹری بے نقاب

حیدرآباد: حیدرآباد کے مضافاتی ضلع میڑچل ملکاجگیری میں ملاوٹی مصالحہ تیار کرنے والے مرکز پر ایس او ٹی پولیس اور فوڈ ایڈلٹریشن سرویلنس ٹیموں نے مشترکہ طور پر دھاوا کیا۔
میڑپلی کی سری نواسن نگر کالونی میں واقع سائی تروملا انٹرپرائزز میں تلاشی کے دوران انتہائی غیر صحت بخش ماحول میں ہلدی، مرچ، دھنیا پاؤڈر اور گرم مصالحہ تیار کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ مرچ پاؤڈر میں تقریباً 30 فیصد لکڑی کا پاؤڈر ملایا جا رہا تھا۔
اس کے علاوہ ’سودیشی سوستک‘ برانڈ کے نام سے نقلی پیکنگ اور لیبلنگ کرتے ہوئے اصلی برانڈ سے ملتے جلتے پیکٹوں میں ملاوٹی مرچ پاؤڈر فروخت کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
یہ ملاوٹی مصالحہ مختلف تجارتی اداروں اور صارفین کو سپلائی کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے مجموعی طور پر 10,890 کلو گرام ملاوٹی غذائی اشیا ضبط کیں، جن کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ اس معاملے میں مرکز کے منتظمین ستیہ نارائنا اور رودرا شیکھر کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔




