4 فٹ کا قد، ہائیٹ نہ بڑھنے پر مایوس نوجوان کی خودکشی۔ تلنگانہ کےکھمم ضلع میں افسوسناک واقعہ

4 فٹ کا قد، ہائیٹ نہ بڑھنے پر مایوس نوجوان کی خودکشی۔ تلنگانہ کےکھمم ضلع میں افسوسناک واقعہ
کھمم: قد نہ بڑھنے کی فکر اور خاندان میں در پیش مسائل سے ذہنی طور پر متاثر ایک نوجوان نے خودکشی کر لی۔
یہ واقعہ ریاست تلنگانہ ضلع کھمم ایدولا پورم میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 7 سری واری نگر میں پیش آیا۔ جوان بیٹے کی گھر میں ہی موت ہو جانے سے ارکان خاندان غم سے نڈھال ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ماداپورم کے سرکاری اسکول میں بطور مدرس خدمات انجام دینے والے
وینو گوپالا چاری کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ ان کا بیٹا دیورکونڈا وشنو وردھنا چاری (19) کھمم کے کویتا میموریل کالج میں ڈگری سالِ اول کا طالب علم تھا۔ والد نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ پڑھائی میں پیچھے رہ جانے کے ساتھ ساتھ اپنا قد محض چار فٹ ہونے کی وجہ سے وہ اکثر شدید ذہنی تناؤ اور مایوسی کا شکار رہتا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حال ہی میں ان کے بڑے بھائی اور بھابھی کے علالت کے باعث دیہانت ہوجانے اور خود انہیں بھی دل کے عارضے کے سبب اسٹنٹ لگوانے جیسے گھریلو حالات پر انکا بیٹا اکثر یہ کہہ کر غمزدہ ہوتا تھا کہ "ہمارے ساتھ ہی ایسا کیوں ہو رہا ہے؟”۔ اسی دوران بخار ہونے پر وینو گوپالا چاری اپنی اہلیہ کے ہمراہ علاج کے لیے کھمم کے ایک اسپتال گئے تھے اس وقت ان کا بیٹا گھر پر اکیلا تھا۔
اسپتال میں معائنے کے بعد جب وہ واپس گھر لوٹے تو دروازہ اندر سے بند تھا۔ کافی دیر تک دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود جب اندر سے کوئی جواب نہیں ملا تو پڑوسیوں کی مدد سے دروازہ توڑ کر دیکھا گیا جہاں بیٹا مردہ حالت میں پایا گیا۔
اس واقعے پر والد نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔



