بینک ملازمین پر مرچ پاؤڈر کا حملہ، بینک میں افراتفری؛ 4 لاکھ لے کر بھاگا، آدھے گھنٹے میں لٹیرا پکڑا گیا

ناگپور: مہاراشٹر کے ناگپور میں ایس بی آئی بینک کی ایک شاخ میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک شخص نے اچانک بینک ملازمین کی آنکھوں میں لال مرچ پاؤڈر پھینک دیا۔ ملازمین کچھ دیکھنے کے قابل نہیں رہے اور اپنی جان بچانے کے لئے ادھر اُدھر بھاگنے لگے۔ ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کاؤنٹر سے 4 لاکھ روپے نقد اٹھائے اور فرار ہوگیا۔
یہ واقعہ جمعرات کی شام تقریباً 6 بجے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی ناگپور شاخ میں پیش آیا۔ ملزم عام صارف بن کر بینک میں داخل ہوا اور کیش کاؤنٹر کے قریب پہنچ کر اچانک اپنے پاس چھپایا ہوا لال مرچ پاؤڈر ملازمین کی آنکھوں میں پھینک دیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو لال کرتا اور سیاہ پاجامہ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس نے اپنا چہرہ مکمل طور پر ڈھانپ رکھا تھا۔ حملے کے بعد دو سے تین ملازمین جان بچانے کے لئے بھاگتے ہوئے نظر آئے، جبکہ ملزم بھی ان کے پیچھے دوڑتا دکھائی دیا۔
افراتفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے کاؤنٹر سے 4 لاکھ روپے اٹھائے اور بینک سے باہر نکل گیا۔ بعض ملازمین اور سکیورٹی گارڈ نے اس کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، لیکن بھیڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ فرار ہوگیا۔
بینک حکام نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے بینک کے اندر اور باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی اور ملزم کی شناخت اور فرار ہونے کی سمت کا پتہ لگایا۔ اس کے بعد علاقے میں ناکہ بندی کرکے گشتی ٹیموں کو چوکس کردیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوٹ کے صرف 30 منٹ کے اندر ملزم کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے بینک سے لوٹے گئے پورے 4 لاکھ روپے برآمد کرلئے۔ ملزم سے پوچھ تاچھ جاری ہے اور پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔



