جرائم و حادثات

شادی کی دعوت میں مٹن کے بجائے چکن پیش کرنے پر تصادم، لاٹھی ڈنڈے چل گئے، متعدد افراد زخمی

بہار کے ضلع سہرسا میں ایک نکاح کی تقریب اس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب دعوت میں مٹن کی جگہ چکن پیش کئے جانے پر دلہا اور دلہن کے خاندانوں کے درمیان شدید تصادم ہوگیا۔

 

سمری بختیارپور سے دلہے کی بارات مہیشی بلاک کے راجن پور گاؤں پہنچی تھی۔ دوپہر نکاح کی تمام رسومات بخیر و خوبی مکمل ہوئیں، لیکن دعوت کے دوران دلہا کے رشتہ داروں نے مٹن نہ ہونے پر اعتراض کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے معمولی تکرار ہاتھا پائی اور لاٹھی ڈنڈوں کی لڑائی میں بدل گئی، جس سے  بھگدڑ مچ گئی۔

 

الزام ہے کہ لڑکی والوں نے اچانک حملہ کر دیا، جس میں دلہا کے خاندان کے سات سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو سمری بختیارپور سب ڈویژنل ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 

واقعے کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، جن میں شادی کی خوشیاں چند لمحوں میں تشدد میں بدلتی دکھائی دے رہی ہیں۔ ویڈیو میں لوگ بھاگتے، لاٹھیاں لہراتے اور پنڈال میں افراتفری کا منظر واضح نظر آ رہا ہے۔

 

فی الحال دونوں خاندانوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ دلہا کے گھر والوں نے پولیس میں شکایت درج کرانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button