خاندانی جھگڑے نے لے لی جان: صلح کروانے آئے بہنوئی کا برادر نسبتی کے ہاتھوں بہیمانہ قتل – حیدرآباد میں افسوناک واقعہ

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے مصروف علاقہ فرسٹ لانسر، احمد نگر میں خاندانی رقمی تنازع ایک اندوہناک قتل کی صورت اختیار کر گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اتوار کی رات دیر گئے الیاس نامی شخص کو ان کے ہی برادر نسبتی عبدالستار نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے قتل کردیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب الیاس اپنے بیٹے امتیاز کے ہمراہ اپنے دو سالوں عبدالستار اور غوث کے درمیان جاری رقمی لین دین کے جھگڑے کو سلجھانے کے لیے ستار کے مکان پہنچے۔
عبدالستار اور غوث دونوں بھائی ہیں اور چکن سنٹر کا کاروبار چلاتے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے پیسوں کے لین دین کو لے کر شدید اختلافات چل رہے تھے، جس میں کئی بار تلخ کلامی بھی ہو چکی تھی۔ الیاس نے ایک ذمہ دار بزرگ کی حیثیت سے ان میں صلح کروانے کی کوشش کی، لیکن بدقسمتی سے بات چیت کے دوران عبدالستار نے طیش میں آ کر صلح کروانے آئے اپنے بہنوئی الیاس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ الیاس شدید زخمی ہوگئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعہ کے فوراً بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ عبدالستار واقعہ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔
محلہ مکینوں اور رشتہ داروں کے مطابق الیاس ایک نرم مزاج، شریف النفس اور سماجی طور پر فعال شخص تھے، جو ہمیشہ خاندان اور رشتہ داروں کے درمیان ہم آہنگی قائم رکھنے کی کوشش کرتے تھے۔ ان کا اس طرح کا المناک انجام گھر والوں اور مقامی برادری کے لیے گہرے صدمے کا باعث بنا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالستار کی گرفتاری کے بعد مزید تفصیلات منظر عام پر آئیں گی۔