جرائم و حادثات

شادی کی بارات میں ڈی جے پر ڈانس کے مسلہ پر جھگڑا – مار پیٹ میں دلہے کی موت

لکھنؤ _ 8 جون ( اردو لیکس) اترپردیش میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ضلع غازی پور کے جگدیش پور گاؤں میں شادی کی تقریب اُس وقت ماتم میں تبدیل ہوگئی جب ڈی جے پر ڈانس کرنے کے معاملے پر جھگڑا ہوگیا۔ شادی کے دوران دلہا راکیش رام اور اس کے والد بریگیڈیئر رام پر کچھ افراد نے حملہ کردیا۔جس میں دلہے کی موت ہوگئی ۔

 

تفصیلات کے مطابق  جگدیش پور گاؤں میں 4 جون کو شادی کی تقریب کے دوران ڈی جے پر ڈانس کے مسلہ پر لڑکی والوں نے گڑ بڑ شروع کردی ۔ اطلاعات کے مطابق دلہے راکیش رام کی شادی جگدیش پور گاؤں کی راجکماری سے طے ہوئی تھی اور بارات تریلوک پور گاؤں سے آئی تھی۔

 

جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب جَے مالا سے قبل ڈی جے پر ناچنے کے دوران لڑکی والوں اور باراتیوں کے درمیان تکرار ہوگئی۔ دلہے کے والد بریگیڈیئر رام نے معاملہ سلجھانے کی کوشش کی، لیکن لڑکی والوں کی طرف سے پپو اور وِشال نامی نوجوانوں نے ان پر پستول کی بَٹ سے حملہ کر دیا۔

 

جب راکیش اپنے والد کو بچانے آیا تو حملہ آوروں نے اس پر بھی لاٹھیوں، ڈنڈوں اور پستول کی بَٹ سے بہیمانہ حملہ کیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی راکیش کو پہلے غازی پور میڈیکل کالج لے جایا گیا، وہاں سے حالت نازک ہونے پر وارانسی ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں 6 جون کی رات اس نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے ایک ملزم وشال کو فلی نہر کے قریب غیر قانونی اسلحے اور کارتوس کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے۔

 

اس واقعہ پر دلہے کے والد بریگیڈیئر رام کی شکایت پر 8 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔

 

ایک وائرل ویڈیو میں ایک ملزم کو پستول لہراتے اور ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے یہ واقعہ مزید سنسنی خیز بن گیا ہے۔ اس افسوسناک واقعے نے شادی کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کر دیا اور دونوں خاندانوں پر غم کا سایہ چھا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button