جرائم و حادثات

گھر والوں سے ملاقات کی آرزو ادھوری رہ گئی – سڑک حادثہ نے خاندان کا واحد سہارا چھین لیا ؛ تلنگانہ کے بانسواڑہ کا واقعہ

بیوی بچوں سے ملاقات کی خواہش ادھوری رہ گئی، سڑک حادثہ میں آٹو ڈرائیور ہلاک، اتوار کی چھٹی آخری سفر ثابت ہوئی، خاندان کا واحد سہارا چھن گیا

 

بانسواڑہ، 15 نومبر (سید کوثر علی) حیدرآباد میں آٹو چلاتے ہوئے ریپڈو خدمات کے ذریعہ اپنے خاندان کی کفالت کرنے والے بانسواڑہ کے رہنے والے 32 سالہ حسینی کے لیے اتوار کی چھٹی زندگی کی آخری چھٹی ثابت ہوئی۔ بیوی اور بچوں سے ملاقات اور ان کے ساتھ خوشگوار وقت گزارنے کی خواہش لیے وہ حیدرآباد سے بانسواڑہ کے لیے روانہ ہوئے تھے

 

، لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ گھر پہنچنے سے پہلے ہی ایک سڑک حادثہ میں ان کی موت واقع ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کاماریڈی ضلع کے محمد نگر منڈل کے گالی پور گیٹ کے قریب اتوار کو پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں نظام ساگر کی جانب جانے والی طوفان گاڑی نے حیدرآباد سے بانسواڑہ آنے والے آٹو کو ٹکر دے دی۔

 

اس حادثہ میں آٹو ڈرائیور حسینی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ آٹو میں سوار ان کے بھائی ابو شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی کو فوری طور پر بانسواڑہ کے اسپتال منتقل کرتے ہوئے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

 

بتایا جاتا ہے کہ حسینی اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے اور بیوی بچوں کی بہتر زندگی کے لیے حیدرآباد میں دن رات محنت کرتے تھے۔ اتوار کی چھٹی کے موقع پر وہ اپنے بھائی ابو کے ساتھ خوشی خوشی گھر کے لیے روانہ ہوئے تھے تاکہ بیوی بچوں کے ساتھ وقت گزار سکیں

 

اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا سکیں، لیکن ان کی یہ خواہش ادھوری رہ گئی۔بیوی بچوں سے ملاقات کے لیے آنے والے حسینی کی اچانک موت کی خبر سے بانسواڑہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ایک خاندان کا واحد سہارا چھن جانے سے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button