تلنگانہ کے اننت گری گھاٹ روڈ پر خوفناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے اننت گری گھاٹ روڈ پر پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے۔ بوگّا رامیشورم کے قریب ایک موڑ پر سامنے سے آنے والے لاری اور آٹو میں زوردار ٹکر ہوگئی، جس کے نتیجہ میں آٹو میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ضلع کے پیندلی مڈگو سے کیریلی کی جانب آٹو میں سفر کیا جا رہا تھا۔ لاری کی شدید ٹکر سے آٹو مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حادثہ دیکھ کر مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
پولیس نے مہلوکین کی شناخت پیندلی مڈگو گاؤں کی رہنے والی چندراماں، پاروتماں، سرتھا اور ناگیش کے طور پر کی ہے۔ بعد ازاں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے وقارآباد کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔
ایک ہی خاندان کے چار افراد کی بیک وقت موت سے پیندلی مڈگو گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



