محمد سراج کو ٹیم سے باہر کیوں رکھا؟ شبھمن گل نے بتائی اندر کی بات!

حیدرآباد: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کو ہندوستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں شامل نہ کرنے کے فیصلے پر جاری بحث کے درمیان کپتان شبھمن گل نے وضاحت پیش کردی۔ انہوں نے کہا کہ سراج کو ٹیم سے باہر رکھنا ان کے لئے بھی مشکل فیصلہ تھا، تاہم کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی موجودہ فارم اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کیا گیا۔
پیر کے روز پہلے ٹیسٹ میچ کے ڈرا ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شبھمن گل نے کہا کہ محمد سراج ان کے اچھے دوست ہیں اور وہ ایک طویل عرصے سے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ میچ سے قبل انہوں نے خود سراج سے بات کرکے انہیں ٹیم کے فیصلے سے واقف کروایا تھا۔ سراج نے بھی اس فیصلے کی وجہ کو سمجھا۔
گل نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے کیریئر میں ایسا مرحلہ آتا ہے جب وہ اپنی بہترین فارم میں نہیں ہوتا۔ سراج ایک بہترین بولر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ اس مرحلے سے مضبوط واپسی کریں گے۔
گل نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرچہ سراج اور رویندر جڈیجہ کی درست لائن و لینتھ سے بھی میچ کا نتیجہ تبدیل ہونے کا امکان نہیں تھا، تاہم ہندوستانی ٹیم نے دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین بولنگ کمبی نیشن منتخب کیا تھا۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان نے محمد سراج اور رویندر جڈیجہ کو ٹیم میں جگہ نہیں دی تھی۔ ان کی جگہ انشل کمبوج اور واشنگٹن سندر کو ترجیح دی گئی۔ ہندوستان نے چار فاسٹ بولرس کے ساتھ میدان میں اترنے کے باوجود میچ جیتنے کا موقع گنوادیا اور مقابلہ ڈرا ہوگیا۔
شبھمن گل نے ویلنگٹن کے بیسن ریزرو اسٹیڈیم کی پچ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میچ شروع ہونے کے وقت انہیں امید تھی کہ پچ سے گیند بازوں کو کافی مدد ملے گی، لیکن تیسرے، چوتھے اور پانچویں دن پچ مسلسل سست اور ہموار ہوتی چلی گئی۔ پچ پر گیند بازوں کے لئے کوئی خاص مدد باقی نہیں رہی اور دن گزرنے کے باوجود اس کی حالت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ اگر میچ میں نتیجہ حاصل کرنا مقصود ہو تو یہ ٹیسٹ کرکٹ کے لئے اچھی پچ نہیں تھی۔
سراج کو ٹیم سے باہر رکھنے کے فیصلے پر سابق کرکٹر سنیل گواسکر، روی شاستری اور دیگر شخصیات نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے اس فیصلے میں مذہبی امتیاز کا الزام لگایا تھا، تاہم بی جے پی نے اس الزام کو مسترد کردیا۔ شبھمن گل نے واضح کیا کہ انتخاب کا فیصلہ صرف کرکٹ اور کھلاڑیوں کی موجودہ فارم کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 27 نومبر سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔



