واٹس ایپ پر تین طلاق۔ حیدرآباد میں شوہر کے خلاف کیس درج

حیدرآباد: حیدرآباد کے سعیدآباد پولیس اسٹیشن میں اتوار کے روز ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے بیٹا پیدا نہ ہونے اور بیٹیوں کی پیدائش پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنی بیوی کو واٹس ایپ پیغام کے ذریعے تین طلاق دے دی۔
اطلاعات کے مطابق شوہر نے اپنی بیوی کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجا جس میں لکھا تھا ’’مجھے تم پسند نہیں ہو، مجھے بیٹا چاہیے، بیٹی نہیں۔‘‘ اس کے بعد اس نے بیوی کو تین طلاق دے دی۔پولیس کے مطابق سعیدآباد کے لوک آیوکت کالونی کی رہنے والی آفرین نے ہفتہ کے روز پولیس میں شکایت درج کروائی۔
شکایت میں انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی اگست 2015 میں ملک پیٹ کے سلیم نگر کے رہنے والے محمد علی عرفات سے ہوئی تھی اس جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں۔ایک پولیس عہدیدار کے مطابق آفرین نے اپنی شکایت میں بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے ازدواجی تعلقات میں اختلافات چل رہے تھے جس کے نتیجے میں 24 اکتوبر کو مقدمات بھی درج ہوئے تھے۔
الزام ہے کہ 24 اکتوبر کے بعد عرفات نے اپنی بیوی کو فون کرکے دباؤ ڈالا کہ وہ دسمبر تک اس کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لے لے۔ اس نے دھمکی بھی دی کہ اگر وہ ایسا نہیں کرے گی تو وہ اسے چھوڑ دے گا۔
آفرین نے اپنی شکایت میں مزید الزام لگایا کہ عرفات نے واٹس ایپ پر پیغام بھیجتے ہوئے کہا، ’’مجھے تم پسند نہیں ہو، مجھے بیٹا چاہیے، بیٹی نہیں۔‘‘ اس کے بعد اس نے تین طلاق دے دی۔بعد ازاں آفرین نے سعیدآباد پولیس سے رجوع کرتے ہوئے اپنے
شوہر عرفات اور ساس کے خلاف شکایت کی۔سعیدآباد پولیس نے کیس درج کرکے شوہر کو پولیس اسٹیشن میں پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔



