شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والے اپنے وقت کے نامور اداکار شرد کپور کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، ہاسپٹل میں شریک

ممبئی: بالی ووڈ اداکار شرد کپور کی طبیعت کو لے کر ان کے مداحوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اسی دوران ان کی قریبی دوست ہیما چودھری نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات بتائی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے شرد کپور کو مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ان کے بعض طبی معائنے ہوچکے ہیں جبکہ کچھ ٹیسٹ ابھی باقی ہیں۔ہیما چودھری نے یہ ویڈیو این جی او کے پیج ’بے زبان ٹرسٹ‘ پر شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ شرد کپور کے تعلق سے سوشل میڈیا پر مختلف قسم کی فرضی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ شرد اس وقت ہاسپٹل میں شریک ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
طبی معائنوں کی رپورٹس آنے کے بعد ہی ان کا باقاعدہ علاج شروع کیا جائے گا۔ فی الحال شرد کا موبائل فون بھی ہیما کے پاس ہے۔ہیما نے شرد کپور سے منسوب بیانات کی بھی وضاحت کی۔ ان کے مطابق بیرون ملک جانے اور ہالی ووڈ فلم میں کام کرنے سے متعلق خبریں بالکل غلط ہیں۔
اسی طرح روہت شیٹی، شاہ رخ خان اور دیگر شخصیات کی جانب سے شرد کو فون کیے جانے کی خبر بھی بے بنیاد ہے۔ ہیما نے کہا کہ ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’’شرد نے اب تک نہ غسل کیا ہے اور نہ ہی کپڑے تبدیل کیے ہیں۔
وہ فی الحال ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ جو لوگ ان کے گندے گھر میں جاکر وی لاگ بنا رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے۔ آپ ایک بیمار شخص کی زندگی کو غلط انداز میں پیش کر رہے ہیں جبکہ ان کی زندگی اب بھی خطرے میں ہے۔‘‘ہیما نے مزید بتایا کہ شاہ رخ خان نے شرد کو کوئی فون نہیں کیا ہے۔
گلوکار سونو نگم نے ان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے جبکہ اداکار ودیوت جاموال کے والد نے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں۔ ہیما کے مطابق شرد اب بھی بے ربط باتیں کر رہے ہیں اور انہیں کئی باتیں یاد بھی نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں شرد کپور کی اپنے پالتو کتوں کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کی حالت کو لے کر مختلف خبریں سامنے آنے لگیں۔ اس واقعے کے بعد سے مداح ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔



