بریلی ٹرین میں ہجومی تشدد کا نشانہ بننے والے مولانا توصیف رضا مظہری قتل کیس میں ایک ملزم گرفتار
حیدراباد – 8, جون ( اردو لیکس ڈیسک) مولانا توصیف رضا مظہری قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) نے اس معاملے میں 30 سالہ پنکج لودھی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم واقعہ کے وقت نشے کی حالت میں تھا اور اسی نے مبینہ طور پر مولانا توصیف رضا کو قتل کیا۔
اتر پردیش کے جنرل سیکریٹری ندیم قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ ان کے مطابق پنکج لودھی اسی ٹرین کا مسافر تھا جس کا مولانا توصیف رضا سے جھگڑا ہوا تھا۔ الزام ہے کہ جھگڑے کے بعد اس نے مولانا کو چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا۔ قریشی کے مطابق ملزم نے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
30 سالہ مولانا توصیف رضا، جو بہار کے ضلع کشن گنج کے رہنے والے تھے، بریلی میں تاج الشریعہ کے سالانہ عرس میں شرکت کے بعد رشی کیش۔مظفرپور اسپیشل ٹرین کے ذریعے واپس اپنے وطن جا رہے تھے۔ 26 اپریل کو بریلی ریلوے اسٹیشن کے قریب ان کی موت واقع ہوئی۔ ابتدائی طور پر حکام نے اسے حادثہ قرار دیا تھا، تاہم اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں ایک مسافر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں ٹرین سے نیچے پھینک دیا۔
مولانا کے بہنوئی شمیم کے مطابق، انہیں فون پر معلوم ہوا تھا کہ مولانا کا ایک مسافر سے جھگڑا ہو گیا ہے اور وہ مدد کے لیے پکار رہے تھے، لیکن کسی نے ان کی مدد نہیں کی۔
گھر والوں کے مطابق مولانا نے اپنی اہلیہ تبسم سے آخری گفتگو میں کہا تھا: "تبسم! کوئی مجھے پکڑ رہا ہے اور زبردستی کر رہا ہے، وہ مجھے مار رہے ہیں۔” بتایا گیا ہے کہ اس گفتگو کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔
تبسم نے دعویٰ کیا کہ واقعہ کے وقت خاندان کے افراد ویڈیو کال پر مولانا سے رابطے میں تھے۔ ان کے مطابق کچھ افراد نے مولانا کو "چور” قرار دے کر دیگر مسافروں کو مشتعل کیا، جس کے بعد ان پر حملہ کیا گیا۔ تبسم نے بتایا کہ مولانا کو کالر سے گھسیٹا جا رہا تھا، تاہم فون کا رخ ان کی طرف ہونے کی وجہ سے حملہ آوروں کے چہرے واضح طور پر نظر نہیں آئے۔
مولانا توصیف رضا، ابوالحسین کے فرزند تھے اور سیوان میں امام و مدرس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ عرس میں شرکت کے لیے بریلی گئے تھے اور واپسی کے دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
بہار پولیس کے مطابق 27 اپریل 2026 کو صبح 7:25 بجے کنٹرول روم کو ریلوے کی مین کی جانب سے اطلاع ملی کہ بریلی کے کینٹ پولیس اسٹیشن حدود میں پالپور کراسنگ کے قریب ریلوے لائن کے کنارے ایک شخص کی نعش پڑی ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور متوفی کی شناخت توصیف رضا ولد عبدالحسین، ساکن کشن گنج، بہار کے طور پر کی گئی۔
پولیس کے مطابق متوفی کے موبائل فون کے ذریعہ گھر والوں اور ایک مقامی کنٹریکٹر سے رابطہ کیا گیا۔ پنچنامہ اور پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی تھی



