جرائم و حادثات

50 لاکھ کی انشورنس رقم کیلئے دوست کا قتل، نارائن پیٹ میں 3 ملزمان گرفتار

نارائن پیٹ: 8 جون (اردو لیکس) نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل پولیس نے ایک سنسنی خیز قتل کیس کو کامیابی کے ساتھ حل کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس بات کا انکشاف نارائن پیٹ کے ڈی ایس پی این لنگیا نے پریس کانفرنس میں کیا۔

 

تفصیلات کے مطابق 3 جون 2026 کو شام تقریباً 5:30 بجے مرکل منڈل کے رہائشی 44 سالہ بودی راجو کو ملزمان الیم ناگراجو، سریگیری بھانو پرکاش اور آنم پلی بھاسکر اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مقتول کے نام پر تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کی لائف انشورنس پالیسی موجود تھی، جس کی رقم حاصل کرنے کی غرض سے ملزمان نے قتل کی سازش رچی۔

 

منصوبے کے تحت ملزمان نے بودی راجو کو حد سے زیادہ شراب پلائی اور بعد ازاں سامن پلی گاؤں کے مضافات میں ایک ویران مقام پر لے جا کر لکڑیوں اور پتھروں سے حملہ کرکے قتل کر دیا۔

 

قتل کو سڑک حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش میں ملزمان زخمی حالت میں بودی راجو کو بھانو پرکاش کی کار میں حیدرآباد کے عثمانیہ جنرل اسپتال منتقل کر گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ بعد ازاں مقتول کے اہل خانہ کو فون کرکے جھوٹی اطلاع دی گئی کہ دندو چوراستہ کے قریب سڑک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔

 

4 جون کو مقتول کے اہل خانہ نے مکتھل پولیس اسٹیشن میں سڑک حادثہ میں موت کی شکایت درج کرائی تھی۔ تاہم پولیس کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دندو چوراستہ کے قریب کوئی حادثہ پیش ہی نہیں آیا تھا۔ مزید تفتیش کے دوران ملزمان نے قتل کا اعتراف کر لیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک کیا سونیٹ کار (TS 08 HG 5543) اور قتل میں استعمال ہونے والا پتھر اور لکڑی برآمد کر لی ہے۔

گرفتار شدہ ملزمان میں الیم ناگراجو (33)، سریگیری بھانو پرکاش (26) اور آنم پلی بھاسکر (30) شامل ہیں۔ تینوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔

ڈی ایس پی این لنگیا نے اس پیچیدہ کیس کو جلد حل کرنے پر مکتھل سرکل انسپکٹر رام لال، ایس آئی راجو، اے ایس آئی شنکرایا، کانسٹیبل اشوک، نریش، سریناتھ اور دیگر تفتیشی عملے کی ستائش کی

متعلقہ خبریں

Back to top button